پشاور (بیورو رپورٹ) خیبر پی کے اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ ڈپٹی سپیکر ثریا بی بی کی صدارت میں خیبر پی کے اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ وزیر قانون آفتاب عالم نے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کی قرارداد اسمبلی میں پیش کی۔ قرارداد کے متن کے مطابق ہندوستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔ 35 سالوں سے حق خودارادیت مانگنے کی پاداش میں ایک لاکھ کشمیری مسلمانوں کو شہید کیا گیا۔ پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ عالمی برادری بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، ہم مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہندوستان کی جارحیت کا مقابلہ کریں گے۔ ایوان مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی جدوجہد قربانیوں کا سلام پیش کرتا ہے، ہندوستان کی 9 لاکھ فوج کی تعیناتی اور کالے قوانین کے ذریعے کشمیریوں کے قتل عام کی مذمت کی جاتی ہے۔ قرارداد کی منظوری کے بعد صوبائی اسمبلی کا اجلاس آج پیر 3 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔