اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+نمائندہ خصوصی ) سکیورٹی فورسز نے خیبر پی کے میں دو الگ الگ آپریشنز کئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 26 اور 27 اکتوبر کو ہونے والی کارروائیوں میں 4 خوارج ہلاک ہو گئے۔ شمالی وزیرستان میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی گئی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں خارجی انصاف اللہ سمیت دو خوارج ہلاک ہوئے۔ خبر ایجنسی میں ایک اور کارروائی میں دو خوارج ہلاک جبکہ تین زخمی ہو گئے۔جبکہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پی کے میں دہشت گردوں کے خلاف دو مْختلف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ایون صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے خوارج دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا اور فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہارکیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔ جبکہ وزیر اعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور جرات و بہادری سے دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث خارجی سرغنہ سمیت 4 خارجیوں کو جہنم واصل کیا۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔