لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ کشمیر پر سودی بازی کرکے بھارت سے دوستی کسی صورت قبول نہیں کریں گے، جنرل باجوہ اوربانی پی ٹی آئی حکومت کے دوران کشمیر کا سٹیٹس تبدیل کرنے کے معاملات کی وضاحت کی جائے‘ سرکاری سکولوں کو این جی اوز کے حوالے کرنے پر تحریک چلائیں گے۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے منصورہ لاہور میں تحریک محنت کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اس پر کسی قسم کی سودی بازی قبول نہ کریں گے بھارت کی طرف سے کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کے معاملات کی وضاحت دی جائے‘ نوازشریف بھارت سے دوستی کی پینگیں بڑھا رہے ہیں پہلے وہ افغانستان سے تعلقات بہتر کرنے کی بات کیوں نہیں کرتے۔ انہوں نے سرگودھامیں جلسہ سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کیخلاف اعلیٰ عدالت اور بجلی بلوں پر عوام کی عدالت جائیں گے‘ ملک گیر ریفرنڈم کے بعد ’’حق دو عوام کو تحریک‘‘ کا اہم مرحلہ شروع ہو گا، فارم 47 پر مسلط حکمرانوں کا آئین، اداروں اور عوام کا حلیہ بگاڑنا مشن ہے، ملک کے ظالم حکمرانوں میں اتحاد، قوم تقسیم ہے، گردن تک کرپشن میں ڈوبی ہوئی حکمران اشرافیہ وسائل پر قابض ہے اور یہ لوگ ٹیکس بھی نہیں دیتے، انھوں نے مل کر قومی اداروں کو تباہ کیا، عوام پر آئی پی پیز اور مہنگائی کا عذاب مسلط کیا‘عوام کو متحد ہو کر مسلط حکمرانوں کو اٹھا کر باہر پھینکنا ہو گا۔
کشمیر پر سودی بازی کرکے بھارت سے دوستی قبول نہیں کرینگے: حافظ نعیم الرحمن
Oct 28, 2024