اسلام آباد(این این آئی) کشمیری حریت رہنما اورجموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہاہے کہ ان کے شوہر کو پھانسی گھاٹ کے قریب رکھا گیاہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشعال ملک نے اسلام آباد میں یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی مظالم کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی افواج مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔مشعال ملک نے کہا کہ آسیہ اندرابی بہت بیمار ہیں اوراس کے باوجود انہیں تہاڑ جیل میں نظربند رکھا گیاہے۔ انہوں نے کہاکہ قربانی دینے والوں کی تحریک کبھی ختم نہیں ہوسکتی۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کے تمام حقوق سلب کررکھے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 50لاکھ بھارتیوں کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بسایا گیا اوربھارت کی کوشش ہے مقبوضہ جموں و کشمیر کو منی انڈیا میں تبدیل کیاجائے۔مشعال ملک نے کہا کہ کشمیری عذاب سے گزر رہے ہیں لیکن ڈٹے ہوئے ہیں، ہمیں اپنے پیاروں اور رہنمائوں کی لاشیں تک نہیں ملتیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم اور تحریک آزادی کشمیر پاکستان کی دفاعی لائن ہے۔