اسلام آباد (آئی این پی )چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حق خود ارادیت مقبوضہ کشمیر کے عوام کا بنیادی حق ہے، پاکستان کشمیری عوام کی عالمی و علاقائی فورمز پر سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا‘ عالمی برادری تنازعہ کشمیر اور فلسطین کو حل کرانے کیلئے کردار ادا کرے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ میڈیا ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے یوم سیاہ کشمیر پر جاری خصوصی پیغام میں یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کا غیر قانونی اور انتہائی شرمناک اقدام تھا ،27 اکتوبر کو تاریخ میں ہمیشہ سیاہ دن کے طور یاد رکھا جائے گا۔ آج کا دن مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غاصبانہ قبضے اور کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی داستان کو بے نقاب کرنے کا دن ہے۔اطلاعات ونشریات کے وزیر عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کا مضبوط حامی ہے اور مسئلہ کشمیر پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کا جرات مندانہ موقف کشمیر کاز کے حوالے سے پاکستان کے غیر متزلزل عزم اور دیرینہ تنازعے کے منصفانہ اور پرامن حل کی خواہش کا بھرپور اظہار ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 27اکتوبر 1947جموں و کشمیر پر بھارت کی فوج کشی کا سیاہ ترین دن ہے جب بھارت نے کشمیریوں کی خواہشات کے برخلاف اپنی فوجیں جموں و کشمیر میں اتار کر اس پرغیر قانونی طور پر قبضہ کیا۔ وفاقی وزیربرائے بحری امور قیصراحمد شیخ نے کہا ہے کہ بھارت 77 سال سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کررہا ہے، کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، عالمی برادری اب تک کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے خاطر خواہ اقدام نہیں کرسکی۔وزارت بحری امور کی جانب سے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ 27 اکتوبر1947 کو بھارت نے کشمیریوں پرریاستی دہشتگردی کا آغازکیا‘بھارت 77 سال سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کررہا ہے۔قیصراحمد شیخ نے کہا کہ شہید برہان وانی سمیت مقبوضہ کشمیرکیتمام شہدا نے بہادری کی اعلی مثال قائم کی۔ بھارتی آئین میں کشمیریوں کے حقوق سلب کرنے والی ترامیم کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔