پاکستانی عوام کشمیری بہن بھائیوں کیساتھ کھڑے رہیں گے، قربانیاں رنگ لائیں گی: مریم نواز

Oct 28, 2024

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا کہ بہادر کشمیری جبر، ظلم اور ناانصافی کا سامنا کرتے ہوئے حق خودارادیت کے لئے کوشاں ہیں۔ خطے میں پائیدار امن کے لئے مسئلہ کشمیر کا پر امن حل ناگزیر ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ قبضے کیخلاف 77ویں یومِ سیاہ پر اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیر ہر پاکستانی کی طرح میرے دل کے بھی بے حد قریب ہے۔ کشمیر پر بھارتی قبضے اور کشمیریوں پر مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ کشمیری بہن بھائیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ پاکستان کے عوام ہمیشہ کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے تھے، ہیں اور رہیں گے۔ پاکستان کا ہر شہری مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کے لئے دعا گو ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر کشمیریوں کی آواز کو دنیا تک پہنچائیں گی اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ عالمی برادری سے اپیل ہے کہ کشمیریوں کے حقوق کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ کشمیر کا مستقبل روشن ہے، یقین ہے کہ کشمیریوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔ وزیر اعلیٰ نے مسلم ٹاؤن موڑ پر مبینہ پتنگ کی ڈور پھرنے سے موٹر سائیکل سوار کے زخمی ہونے پر برہمی کا اظہار کیا ہے اور انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف یقینی کارروائی کرنے اور زخمی شہری کے بہترین علاج کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ دھاتی ڈور سے پتنگ بازی تفریح نہیں بلکہ خونی کھیل بن چکا ہے۔ دھاتی ڈور کے مکمل خاتمے کیلئے بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے۔ 

مزیدخبریں