اسحاق ڈار کے اقوام متحدہ، او آئی سی قیادت کو خطوط، کشمیر کے متعلق قراردادوں پر عملدرآمد کا مطالبہ

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کے غاصبانہ قبضہ کے 77 سال مکمل ہونے کے موقع پر پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیری عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ اس اہم موقع پر اپنے پیغامات میں پاکستان کے صدر، وزیر اعظم اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا ہے۔ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کی قیادت کو خطوط لکھے ہیں جن میں غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کو اجاگر کیا گیا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر مکمل عمل درآمد کا مطالبہ کیا اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لئے بین الاقوامی اقدامات پر زور دیا جس میں کشمیری سیاسی قیدیوں اور مخالفین کی رہائی بھی شامل ہے۔ مزید برآں، سیکرٹری خارجہ نے اسلام آباد میں قائم سفارتی مشنوں کو جموں و کشمیر تنازعہ کے کثیر الجہت قانونی، سلامتی اور انسانی حقوق کے پہلوئوں کے بارے میں بریف کیا، جس کے ذریعے تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لئے پاکستان کے عزم کو اُجاگر کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن