واہ کینٹ(نمائندہ نوائے وقت)سیاست میں تمام عناصر درست سمت میں چلائے جائیں اور بر وقت فیصلے کیے جائیں تو اس کے نتائج معاشرے کے لئے نہایت مفید اور مثبت ثابت ہوتے ہیں۔ میری سیاست کا محور خدمت، کارکردگی اور قیادت کی رہنمائی و مشاورت سے عوام کا اعتماد حاصل کرنا اور ترقیاتی کاموں کا جال بچھانا ہے ۔ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف کے رہنما، سابق وائس پریزیڈنٹ کینٹ بورڈ واہ کینٹ اور امیدوار برائے ممبر کینٹ بورڈ وارڈ نمبر 4حاجی امجد محمود کشمیری نے روزنامہ نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ کینٹ بورڈ کی کسی وارڈ میں گزشتہ تین سالوں میں کوئی کام نہیں ہوا۔کینٹ بورڈ ہر سال ترقیاتی کاموں کے لئے ایک ارب کے ترقیاتی فنڈز مختص کرتا ہے لیکن زمینی حقائق یہ بتا رہے ہیں کہ یہ رقم کہیں خرچ نہیں ہوئی۔ موجودہ ممبران کینٹ بورڈ اس فنڈ کا حساب دیں کہ انہوں نے یہ فنڈ کہاں خرچ کیا ہے۔سیاست یہ نہیں ہوتی کہ وائس پریزیڈنٹ کے دفتر کو تالے لگ جائیں اور مستعفی ہو کر گھر چلے جائیں،میں وائس پریزیڈنٹ کینٹ بورڈ تھا تو نہ صرف اپنی وارڈ میں بھرپور ترقیاتی کام کروائے بل کہ دیگر وارڈز میں بھی کروڑوں روپے کے اجتماعی منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچانے میں مکمل مدد کی،چالیس کنال پر محیط پلے گراونڈ بنوایا ڈسپنسری اور فری ادویات اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی ، وارڈ میں گلیوں کی پختگی سیوریج لائن اور دیگر ترقیاتی کام مکمل کروائے، انفرادی طور رابطہ کرنے والے کینٹ بورڈ کے رہائشیوں کے نقشہ جات،اندراج، پیدائش میرج اور ڈیتھ سرٹیفکیٹس بنوانے میں بھرپور مدد اور رہنمائی کی، امجد محمود کشمیری نے بتایا کہ میں اپنی اعلیٰ سیاسی قیادت ملک تیمور مسعود اکبر اور ملک فہد مسعود اکبر کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا انشا اللہ منتخب ہونے کے بعد اپنی قیادت کی رہنمائی اور وارڈ کے رہائشیوں کی مشاورت سے ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دوں گا، پہلے بھی کارکردگی کی بنیاد پر منتخب ہوا تھا اور اب بھی اپنی کارکردگی پر کامیابی حاصل کروں گا۔