پاکستان کا بچہ بچہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے،  شازیہ رضوان

 راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)پنجاب آرٹس کونسل میں یوم سیاہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی مظالم پر مبنی تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ نمائش کا افتتاح پارلیمانی سیکریٹری برائے محکمہ  اطلاعات و ثقافت  شازیہ رضوان نے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر آرٹس کونسل سجاد حسین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد سلیمان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سرفراز خان اور دیگر بھی مہمان خصوصی کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر قابض بھارتی افواج کے نہتے کشمیریوں پر مظالم پر بنی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔مہمان خصوصی شازیہ رضوان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان کا بچہ بچہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ مقبوضہ کشمیرکی قابض بھارتی تسلط سے آزادی تک پاکستان کی کشمیر ی عوام کی سیاسی  اور خارجی محاذ پر حمایت جاری رکھے گا۔کشمیریوں کی آنکھوں میں ایک درد ہے۔عالمی برادری کو کشمیریوں کے اس درد کا مداعوا کرنے کی ضرورت ہے۔مقبوضہ کشمیر عالمی امن کا ایک نامکمل ایجنڈا ہے۔مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے بغیر عالمی امن کا خوا ب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔

ای پیپر دی نیشن