راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)27اکتوبرکو یوم سیاہ کے طور پر منانے کے لیے سوشل ویلفیئر کمپلیکس شمس آباد میں ڈسٹرکٹ ویمن پروٹیکشن سنٹر راولپنڈی کی جانب سے آگاہی سیشن اور واک کا اہتمام کیا گیا۔ ایم پی اے طاہرہ مشتاق نے تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر رخسانہ مظہر نے بھی تقریب میں شر کت کی۔ ڈسٹرکٹ ویمن پروٹیکشن آفیسر رضوانہ بشیر نے یوم سیاہ کی اہمیت اور خاص طور پر کشمیری خواتین کے کردار پر روشنی ڈالی۔ آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی پنجاب طاہرہ مشتاق نے کہا کہ بھارتی مسلح افواج کے ہاتھ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے کشمیر پر ناجائز قبضہ کر کے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے مطالبے کو دبانا چاہا مگر کشمیریوں کے عزم کے سامنے آج بھی بھارت ان کے جذبہ آزادی کو نہ دبا سکا۔ وہ دن دور نہیں جب کشمیر پر بھارتی ناجائز تسلط ختم ہو گا اور کشمیری عوام آزادی کی فضا میں سانس لیں گے۔