لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے بیرونِ ملک سفر کرنے پر دوبارہ پابندی عائد کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اینٹی کرپشن پنجاب نے چوہدری پرویز الہٰی کا نام نو فلائی لسٹ میں شامل کیا ہے جس کے بعد اب وہ اب بیرون ملک سفر نہیں کرسکیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اینٹی کرپشن پنجاب کو ایک مقدمے میں مطلوب ہیں اور وہ اینٹی کرپشن پنجاب مقدمے میں تحقیقات کر رہی ہے، جس کی وجہ سے اینٹی کرپشن پنجاب کی سفارش پر ان کا نام نو فلائی لسٹ میں شامل کرلیا گیا اور ان کے بیرونِ ملک سفر پر پابندی عائد کردی گئی۔ بتایا جارہا ہے کہ رواں ماہ کے شروع میں وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) سے خارج کیا تھا. لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شمس محمود مرزا نے چوہدری پرویز الٰہی اور دیگر کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) سے نکالنے کے کیس کی سماعت کی جہاں عدالت میں درخواست گزاروں کی جانب سے ابوذر سلمان خان نیازی ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے جب کہ ایف آئی اے نے رپورٹ کی اور عدالت کو بتایا کہ چوہدری پرویزالٰہی، زارا الٰہی اور راسخ الٰہی کا نام پی سی ایل سےنکال دیا گیا ہے.اس رپورٹ کی بنیاد پر عدالت نے رپورٹ کی روشنی میں درخواست نمٹا دی۔
یاد رہے کہ رواں ماہ 3 اکتوبر کو لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ، ان کے صاحبزادے راسخ الہیٰ اور بہو زارا الہٰی کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) سے نکالنے کا حکم دیا تھا۔
28 جون کو وفاقی حکومت نے پرویز الہٰی کا نام پی سی ایل میں ڈالا تھا .جس پر پی ٹی آئی صدر نے پی سی ایل سے اپنا نام نکالنے کے لیے درخواست دائر کی تھی۔
علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی لاہور کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے جہاں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہر محب وطن پاکستانی کی طرح میں اور میری فیملی مضبوطی سے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، بانی پی ٹی آئی عوام کے دلوں میں بستے ہیں، عوام خود ہی اپنے ہیرو کیلئے باہر نکلتی ہے۔ مرکزی صدر تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ عمران خان اب صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیائے اسلام کے لیڈر بن چکے ہیں کیوں کہ دنیا ان کی آواز سنتی ہے، پاکستان میں سیاست آج بھی بانی پی ٹی آئی کے ہاتھ میں ہے.موجودہ سیاسی عدم استحکام تحریک انصاف کے انتخابی مینڈیٹ کو تسلیم نہ کرنے کا نتیجہ ہے، عمران خان اور تحریک انصاف کے رہنماؤں و کارکنوں پر جتنے مرضی جھوٹے پرچے کروا لیں لیکن اب ظلم کے بادل چھٹنے والے ہیں. عدلیہ پر پورا یقین ہے جلد ہی بانی پی ٹی آئی دوبارہ عوام کے درمیان ہوں گے۔