گلگت بلتستان پیکج پر اہم سیاستدانوں اور کشمیری کمیونٹی کو تحفظات ہیں: لارڈ نذیر

Sep 28, 2009

سفیر یاؤ جنگ
لندن (آصف محمود سے) برطانوی ہائوس آف لارڈز کے رکن لارڈ نذیر احمد نے کہا ہے کہ گلگت اور بلتستان کیلئے کشمیر اور شمالی علاقہ جات کی کونسل قائم کی جائے جس میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان دونوں کی نمائندگی شامل ہو۔ روزنامہ نوائے وقت / دی نیشن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے لارڈ نذیر احمد کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان پر وفاقی حکومت کے موجودہ پیکج پر کشمیری کمیونٹی سمیت پاکستان کے اہم سیاستدانوں کو بھی تحفظات ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے اس حوالے سے پاکستان بلایا ہے اور وہ 3 اکتوبر کو ان سے رائیونڈ میں ملاقات کریں گے۔ جس میں گلگت بلتستان کا معاملہ سرفہرست ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے صدر آصف علی زرداری سے بھی بات ہوئی ہے اور انہوں نے بھی گلگت بلتستان پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیلئے ملاقات کا کہا ہے۔ نواز شریف سے ملاقات کے بعد وہ متوقع طور پر 4 اکتوبر کو صدر آصف علی زرداری سے اسلام آباد میں ملاقات کریں گے۔ لارڈ نذیر کا کہنا تھا گلگت بلتستان کی نمائندگی ایسے ہونی چاہیے کہ اسکی تاریخی و جغرافیائی حیثیت اور کشمیر کنکشن نہ ٹوٹے اور اس کے ساتھ ساتھ بلتستانی لوگوں کے جذبات بھی مجروح نہ ہوں۔
مزیدخبریں