بھارتی سپریم کورٹ نے بابری مسجد کیس کا فیصلہ روکنے کی درخواست مسترد کردی ۔

بھارتی سپریم کورٹ میں ایک سابق بیوروکریٹ رامیش چندرا ترپاتھی نے درخواست دائرکی تھی کہ الہ آباد ہائیکورٹ کو بابری مسجد کیس کا فیصلہ سنانے سے روکا جائے۔ الہ باد کی ہائیکورٹ نے یہ فیصلہ رواں ماہ کی چوبیس تاریخ کوسنانا تھا۔ تاہم سپریم کورٹ نے اس پرآج تک کے لیے حکم امتناعی جاری کردیا تھا۔ چیف جسٹس ایس ایچ کپاڈیہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے درخواست مسترد کرتے ہوئے الہ آباد ہائیکورٹ کو بابری مسجد کیس کا فیصلہ سنانے کی اجازت دے دی ہے۔ بھارت میں اس حساس مسئلے پر فسادات پھوٹنے کا خدشہ ہے، جس کے باعث ملک بھرمیں سکیورٹی کے انتظامات انتہائی سخت کیے گئے ہیں۔ مرکزی حکومت نے بابری مسجد سے متعلقہ ایس ایم ایس اور ایم ایم ایس پر پابندی عائد کر رکھی ہے، جبکہ حساس مقامات پر سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات ہے۔ یاد رہے کہ تاریخی بابری مسجد کو انیس سو بانوے میں انتہاپسند ہندوؤں نے شہید کردیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن