سیکیورٹی حکام کے مطابق پاک افغان سرحد پر منگل کے روز ہونے والا ڈرون حملہ شدت پسندوں کے ایک مرکز پر کیا گیا ۔ حملے کے نتیجے میں چار انتہا پسند ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ حملہ وانا کے جنوب میں زیبا نامی گاؤں کے ایک گھر پر کیا گیا جہاں دو میزائیل داغے گئے ۔ دوسری جانب جنوبی وزیرستان میں زلول کے علاقے میں ہفتے کے روز ہونے والے ڈرون حملے میں القائدہ کے پاکستان اور افغانستان کے لیے آپریشنل چیف شیخ فاتح کی موت کی تصدیق ہوگئی ہے۔ مصری نژاد شیخ فاتح کو چند ماہ قبل ہی یہ ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ پاکستانی حکام نے بھی شیخ فاتح کی موت کی تصدیق کردی ہے ۔ ستمبر کے مہینے میں پاکستان پر ڈرون حملوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے اور اب تک بائیس ڈرون حملوں میں کم از کم ایک سو چوبیس افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔