لاہور میں ڈینگی بخار نے مزید چار گھروں میں صف ماتم بچھا دی جس سے پنجاب میں مرنےوالوں کی تعداد ایک سو پندرہ تک جا پہنچی

Sep 28, 2011 | 12:20

سفیر یاؤ جنگ
بدھ کے روز ڈینگی فیور میں مبتلا دو خواتین سمیت مزید چار افراد کی ہلاکت کے بعد مرنے والوں کی تعداد پنجاب میں ایک سو پندرہ تک پہنچ گئی ہے۔ جنرل ہسپتال میں ڈیوٹی پر موجود نرس عاصمہ جان لیوا وائرس کا شکار ہوکر چل بسی جبکہ تھانہ لٹن روڈ کا کانسٹیبل فیاض بھی اسی ہسپتال میں ڈینگی کے باعث دم توڑ گیا۔ ادھرمیو ہسپتال میں زیرعلاج لاہوری گیٹ کا رہائشی چھبیس سالہ نوجوان محمد ارشاد اور بلال گنج کا ستر سالہ گلزار بی بھی جانبر نہ ہوسکے۔ لاہور کے علاوہ پنجاب کے دوسرے شہر بھی ڈینگی وائرس سے محفوظ نہیں ، بہاولپور میں مزید چار افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق کے بعد مریضوں کی تعدادتینتالیس ہوگئی ہے، ادھر گوجرانوالہ، ملتان اور فیصل آباد میں بھی ڈینگی فیور کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ صوبے بھر میں مریضوں کی تعداد ساڑھے دس ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب کے مطابق اب تک صوبہ بھر میں 11584 افراد ڈینگی بخار میں مبتلا ہوئے ہیںجن میں سے دس ہزار مریضوں کا تعلق لاہور سے ہے ۔آج پنجاب میں مزید پانچ سو تیس مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی جن میں سے 459 کا تعلق لاہور سے ہے۔
مزیدخبریں