گستاخانہ فلم‘ مذہبی جماعتوں‘ کلرکوں کے ملک گیر مظاہرے‘ فلپائن‘ تھائی لینڈ میںامریکی سفارتخانوں کی طرف مارچ

Sep 28, 2012

لاہور+گوجرانوالہ+شیخوپورہ (وقائع نگار+نمائندہ خصوصی+نامہ نگار خصوصی+ایجنسیاں) گستاخانہ فلم کیخلاف مذہبی جماعتوں اور کلرکوں کے ملک گیر مظاہرے جاری رہے جبکہ فلپائن اور تھائی لینڈ میں مسلمانوں نے امریکی سفارتخانوں کی طرف مارچ کیا۔ فلپائن میں مارچ میں لاکھوں افراد نے شرکت کی، بنکاک میں مظاہرین نے امریکی سفارتخانے میں گھسنے کی کوشش کی جبکہ کولکتہ میں ہزاروں مسلمانوں نے امریکی سنٹر کے باہر دھرنا دیا۔ جبکہ نماز جمعہ کے بعد مظاہروں کے پیش نظر لاہور میں امریکی قونصلیت کے باہر ہزاروں پولیس اہلکار تعینات کر دیئے گئے، اسلام آباد میں ریڈزون سیل کر دیا گیا جبکہ ملک بھر میں ریڈ الرٹ ہے۔ تفصیلات کے مطابق گستاخانہ امریکی فلم کے خلاف فلپائن میں لاکھوں افراد نے احتجاجی ریلی نکالی۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر امریکی فلم پر فلپائن میں پابندی لگانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ مظاہرین امریکی سفارت خانے بھی گئے اور وہاں جمع ہو کر احتجاج ریکارڈ کرایا۔ دریں اثناءتھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں بھی گستاخانہ فلم کیخلاف مسلمانوں نے مظاہرہ کیا۔ امریکی سفارتخانے اور گوگل کے دفاتر کے باہر جمع ہونے والے سینکڑوں مسلمانوں نے گستاخانہ فلم کیخلاف بینرز اٹھا رکھے تھے اور وہ نعرے لگا رہے تھے۔ بھارت کے کئی شہروں میں بھی گستاخانہ فلم کیخلاف مظاہرے ہوئے۔ کولکتہ میں فلم کے خلاف ہزاروں لوگوں نے مظاہرہ کیا ہے۔ مظاہرین نے امریکی سنٹر کے سکیورٹی حصار کو توڑنے کی کوشش کی لیکن پولیس نے انہیں عمارت سے پہلے ہی روک لیا۔ اطلاعات کے مطابق مظاہرین اور پولیس میں اس دوران جھڑپیں بھی ہوئیں۔ اس سے شہر کے دیگر علاقوں میں بھی ٹریفک کے نظام پر اثر پڑا اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔ جبکہ ایپکا کے سینٹرل کمیٹی کے فیصلے کے بعد مرکزی صدر محمد افضل کی اپیل پر ملک بھر کے 22 لاکھ کلرکس و سرکاری ملازمین نے گستاخانہ فلم کیخلاف ملک بھر کے تمام دفاترز میں مکمل ہڑتال کی اور تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر گستاخانہ فلم اور امریکہ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ لاہور میں دفتر رجسٹرار کوآپریٹو سوسائیٹیز پنجاب بالمقابل (جی پی او) مال روڈ لاہور میں احتجاجی جلسہ و مظاہرہ کیا گیا اور بعدازاں جلوس نکالا گیا۔ مظاہرے و جلوس کی قیادت محمد افضل اور محمد سلطان مجددی نے کی۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ستھیال ویلفیئر ایسوسی ایشن نے گستاخانہ فلم کے خلاف جلوس نکالا،جلوس محلہ اسلام پورہ ماسٹر رانا محمد اعظم کے ڈیرہ سے نکالا گیا اور فوارہ چوک میں اختتام پذیر ہوا۔ جلوس سے خطاب کرتے ہوئے رانا انتظار علی، ڈاکٹر زاہد شاہ، محمد اکبر اور سید جعفر حسین نے کہا کہ اگر امریکہ نے شائم رسول پادری کی فلم کے خلاف پابندی نہ لگائی تو پورا ملک سراپا احتجاج ہو گا اور پھر پاکستان میں کوئی بھی گستاخ محفوظ نہیں رہے گا۔شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق تمام صوبائی محکموں کے ملازمین نے ہڑتال کی اور ایپکاءکے عہدیداروں محمد نعیم سندھو،عباس کھوکھر، منیر عالم صدیقی،کی قیادت میں سینکڑوں ملازمین نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ بچیانہ سے نامہ نگار کے مطابق بچیانہ میں گستاخانہ فلم کیخلاف گزشتہ روز بھی ریلی نکالی گئی جوکہ بچیانہ منڈی کے بازاروں میں امریکہ کے خلاف نعرے لگاتی ہوئی قریبی گاﺅں چک 6 گ ب میں پہنچ کر ختم ہوگئی۔ مولانا بنیامین میول ستیانہ اور خطیب مولانا محمد منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حرمت رسول کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائے گا۔ گزشتہ روز نوائے وقت میں آنے والے متعدد شہریوں نے تمام اسلامی ممالک پر زور دیا ہے۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابقناموس رسالت کیلئے ہم اپنی نسلیں تک قربان کردیں گے مگر ہماری جانوں سے بڑھ کر عزیز ترین ہستی محسن کائناتﷺ کی شان میں ادنیٰ سی بھی گستاخی برداشت نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار ادارة المصطفی پاکستان (شعبہ خواتین) کے زیراہتمام مقامی میرج ہال میں ”لبیک یا رسول اللہﷺ کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے نامور عالم دین پیرزادہ محمد رضا ثاقب مصطفائی کی اہلیہ ام حمزہ نے کیا۔ کانفرنس کی صدارت شہید ناموس رسالت غازی عامر چیمہ شہید کی والدہ ماجدہ نے کی۔ بعدازاں نگار پھاٹک تا شیرانوالہ باغ جی ٹی روڈ تک خواتین کی احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی ریلی میں خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ جبکہ پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کے زیراہتمام حرمت رسول ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر ڈاکٹر زاہد احمد شیخ نے کہا گستاخان کو پھانسی دی جائے۔ ریلی میں گوجرانوالہ کے تمام کالجوں کے مرد وخواتین اساتذہ کے ساتھ ساتھ ہزاروںطالبعلموں نے بھی شرکت کی۔ ریلی سے پروفیسرغلام سرور سپرا‘ پروفیسر افتخار چیمہ‘ پروفیسر ریاض‘ پروفیسررانا رمضان‘ پروفیسرطارق کھوکھر‘ پروفیسرعبدالرحمان جامی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔آل پاکستان کلرکس ایسو سی ایشن گوجر انوالہ کے زیر اہتمام گستاخ رسول کے خلاف ایک ریلی نکالی گئی، میاں عبدالشکور‘ طاہر محمود بھٹی‘محمد اقبال گوندل اور ملک افتخار احمد نے قیادت کی،جبکہ آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام گستاخانہ فلم کے خلا ف احتجاجی جلسہ عام ایجوکیشن کمپلیکس میں منعقد ہوا بعد ازاں احتجاجی ریلی نکالی گئی شرکاءنے جی ٹی روڈ کو بلاک کرکے امریکہ انڈیا اور یہودی لابی کے خلاف ناپاک جسارت کرنے پر زبردست نعرہ بازی کی۔ سکھیکی سے نامہ نگار کے مطابق جمعیت اشاعت التوحید وسنت اور جماعت الدعوة کے زیراہتمام گستاخانہ فلم کیخلاف ریلی نکالی گئی جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ خانقاہ ڈوگراں سے نامہ نگار کے مطابق کاروان ملت کے زیرانتظام گستاخانہ فلم کے خلاف احتجاجی واک کی مرکزی چیئرمین محمد امجد رانا نے قیادت کی۔ جبکہ جماعت اہل سنت پاکستان(سواد اعظم) آج جمعہ کو گستاخانہ فلم کے خلاف ملک گےر بھرپور ےوم احتجاج منائے گی۔ بھرپور احتجاج کا فےصلہ جماعت اہل سنت کے اےک اہم اجلاس مےں کےا گےا جس کی صدارت صاحبزادہ مفتی فضل الرحمن اوکاڑوی نے کی۔

مزیدخبریں