کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اکیس کے مجموعی سکور پر گوتم گمبھیر سترہ رنز بنا کر پیٹ کیومنز کے ہاتھوں دلچسپ انداز میں رن آؤٹ ہوگئے۔ ان فارم ویرات کوہلی پندرہ رنز بنا سکے، یووراج سنگھ بھی صرف آٹھ رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ عرفان پٹھان سب سے زیادہ اکتیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شین واٹسن نے انکی وکٹ لی۔ روہیت شرما ایک رن پر مچل سٹارک کی گیند پربولڈ ہوئے۔ کپتان دھونی بھی پندرہ رنز ہی بنا سکے۔ روی چندرایشون سولہ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کی جانب شین واٹسن نے تین جبکہ پیٹ کیومنز نے دو کھلاڑی آؤٹ کئے۔
جواب میں آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف چودہ اعشاریہ پانچ
اوورز میں صرف ایک وکٹ پر حاصل کرلیا۔ اوپنرز شین واٹسن اور ڈیوڈ وارنر نے بھارتی باؤلرز کا بھرکس نکال دیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کیلئے
ایک سو تینتیس رنز کی ریکارڈ پارٹنرشپ قائم کی۔
شین واٹسن بیالیس گیندوں پر بہتر رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، یوراج سنگھ کی گیند پر متبادل کھلاڑی منوج تیواری نے انکا کیچ لیا۔ شین واٹسن نے اپنی دھواں دھار اننگز میں سات چھکے اور دو چوکے لگائے۔ ڈیوڈ وارنر تریسٹھ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔