عام آدمی کا کیس سن رہے ہیں : جسٹس ناصر الملک‘ بگٹی قتل کیس میں مشرف کی عبوری ضمانت کی استدعا مسترد

Sep 28, 2013

اسلام آباد (ثناءنیوز) سپریم کورٹ نے نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کی درخواست ضمانت کی سماعت دو ہفتوں کےلئے ملتوی کردی۔ عدالت نے نواب اکبر بگٹی کے صاحبزادے جمیل اکبر بگٹی کو نوٹس جاری کر دیا جبکہ جسٹس ناصر الملک نے ریمارکس دیئے ہیں کہ ہم کسی اہم شخصیت کا نہیں بلکہ ایک عام شخص کا کیس سن رہے ہیں یہ ایک معمول کا کیس ہے۔ سابق صدر کے خلاف درخواست گزار کا موقف لینا ضروری ہے جبکہ عدالت نے پرویز مشرف کی عبوری ضمانت کی زبانی استدعا مسترد کر دی۔ جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے بنچ نے پرویز مشرف کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ پرویز مشرف کے وکیل ابراہیم ستی نے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کی تمام دیگر مقدمات میں میرٹ پر ضمانت ہو چکی ہے نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں بھی ان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں اس لئے ان کی ضمانت منظور کی جائے جبکہ ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل بلوچستان کہنا تھا کہ یہ ایک اہم نوعیت کاکیس ہے مقدمہ میں بہت سے قانونی اور آئینی نکات شامل ہیں۔ درخواست گزار جمیل اکبر بگٹی کو نوٹس جاری کرنا ضروری ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ ضمانت کی درخواست پر فیصلہ کےلئے شکایت کنندہ کا عدالت میں ہونا ضروری ہے۔ عدالت نے شکایت کنندہ جمیل اکبر بگٹی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت دو ہفتوں کےلئے ملتوی کر دی ہے۔

مزیدخبریں