”نوابزادہ نصراللہ رول ماڈل تھے‘ خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا“

Sep 28, 2013

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) نوابزادہ نصراللہ خان رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں۔خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز نوابزادہ نصراللہ خان لورز کونسل کے زیراہتمام ہائیکورٹ کے کراچی ہال میں مقررین نے کیا۔ عدلیہ بچاﺅ کمیٹی کے سربراہ عبدالرشید قریشی نے کہا کہ نوابزادہ نصراللہ خان نے اے آر ڈی اور اس کے بعد ایم آر ڈی جس انداز سے چلائی‘ وہ قابل تحسین تھا۔ جسٹس (ر) ملک سعید حسن نے کہا کہ ان کی خدمات کو بھلایا نہیں جا سکتا۔ سپریم کورٹ بار کے سابق سیکرٹری راجہ ذوالقرنین نے کہا نوابزادہ نصراللہ خان جیسے لیڈر کی آج بھی ضرورت ہے۔ این اے بٹ ایڈووکیٹ نے کہا کہ نوابزادہ نصراللہ خان متحرک سیاستدان ہی نہیں بلکہ ایک لیڈر بھی تھے۔ سیمینار سے انور گھمن ایڈووکیٹ ‘ نوبہار ‘ ممبر پنجاب بار کونسل مشتاق موہل‘ استقلال پارٹی کے سربراہ منظور گیلانی نوابزادہ نصراللہ کے دیرینہ ساتھی محمد ارشد‘ مظہر اعظم اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

مزیدخبریں