لاہور(سٹی رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کے مابین چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے فروغ کے حوالے سے ایک معاہدہ طے پایا جس پر لاہور چیمبر کے صدر فاروق افتخار اور سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سردار احمد نواز سکھیرا نے دستخط کیے۔ لاہور چیمبر کے سابق صدر میاں مصباح الرحمن، نومنتخب نائب صدر کاشف انور، ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن ممشاد علی، سمیڈا کے جنرل مینیجر سنٹرل سپورٹ ڈاکٹر نعیم رﺅف، جنرل مینیجر بزنس اینڈ سیکٹر ڈویلپمنٹ سروسز سلطان ٹوانہ، جنرل مینیجر آﺅٹ ریچ عالمگیر چودھری اور پراونشل چیف حسنین جاوید بھی اس موقع پر موجود تھے۔ معاہدے کے تحت دونوں ادارے ملک میں ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی کے لیے منصوبوں اور پروگراموں کی تشکیل اور ان پر عمل درآمد کے سلسلے میں مشترکہ وسائل بروئے کار لائیں گے اور اس ضمن میں ایس ایم ایز کے ڈیٹا بیس کی تشکیل پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ نیز ایس ایم ای سیکٹر سے متعلق تحقیقی سرگرمیوں کو تقویت دی جائے گی۔ معاہدے کے مطابق دونوں ادارے کپیسٹی بلڈنگ کے پروگراموں کا ایک مشترکہ سالانہ کیلنڈر بھی ترتیب دیں گے۔ معاہدے کے تحت لاہور چیمبر کے ایف ایم ریڈیو سے بھی استفادہ کیا جائے گا۔