گوجرانوالہ+لاہور+قلعہ دیدار سنگھ (نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) نواحی علاقہ مدن چک مےں مردہ حالت میں ملنے والی دو بہنوں سے زیادتی ثابت ہوگئی‘ دونوں بہنوں کی نعشیں پوسٹمارٹم کے بعد ورثاءکے حوالے کردی گئیں۔ جنہیں بعدازاں قلعہ دیدار سنگھ کے آبائی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔ پوسٹمارٹم کرنے والی ڈاکٹر عظمیٰ نے زیادتی بارے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس سلسلے میں فرانزک لیبارٹری سے رپورٹ موصول ہونے پر ہی مفصل حقائق منظر عام آسکیں گے۔ دوسری جانب ڈی ایم ایس ڈاکٹر شبیر سپرا کا کہنا تھا کہ دونوں لڑکیوں کی موت سر اور پیٹ میں گولیاں لگنے سے واقع ہوئی ہے۔ دونوں بہنوں کی نعشیں تھیری گلاں پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ دونوں بہنوں کو تھیری گلاں کے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ دریں اثناءڈی ایس پی سرکل نوشہرہ ورکاں شکیل کھوکھر نے بتایا کہ نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ شہبازشریف نے نوشہرہ ورکاں میں قتل ہونے والی دو بہنوں کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری یقینی بنائی جائے۔ ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔
زیادتی/نوٹس