اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان نے نواز، منموہن ملاقات سے پہلے مقبوضہ جموں میں سکیورٹی اہلکاروں پر حملہ اور درجن سے زائد اہلکاروں کی ہلاکت کے واقعہ پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بھارتی میڈیا نے اس واقعہ کا رخ ایک بار پھر پاکستان کی طرف موڑنے کی کوشش کی تاہم بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے کہا کہ کسی ایک واقعہ کی وجہ سے پاکستانی ہم منصب کے ساتھ ان کی ملاقات متاثر نہیں ہو گی۔ پاکستان کے دفتر خارجہ نے دو روز بعد ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ کے رونما ہونے کا وقت پریشان کن ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس نوعیت کے کسی واقعہ کو دونوں ملکوں کے عوام کا مستقبل بہتر بنانے کی کوششوں کی راہ میں رکاوٹ نہ بننے دیا جائے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان خود دہشت گردی کی لعنت کا شکار ہے اور اس کے تدارک کے لئے پاکستان نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان تمام غیرمعمولی تنازعات کو بامقصد مذاکرات کے ذریعہ حل کرنے کے لئے تیار ہے۔ ترجمان نے کہا کہ امید ہے کہ پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم کی ملاقات سے کشیدگی کم ہو گی۔
ترجمان دفتر خارجہ