کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) سبی چاکر روڈ پر سبزی مارکیٹ کے قریب بم دھماکہ سے 2افراد جاںبحق، 23زخمی ہوگئے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز او ر پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ رکن قومی اسمبلی میر دوستین ڈومکی نے واقعہ کو بزدلانہ فعل قرار دیتے ہوئے واقعہ کی شدید مذمت کی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق چاکر روڈ پر زور دار دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی دھماکہ خیز موادایک موٹرسائیکل میں نصب تھا جسے ہوٹل کے قریب کھڑا کر دیا گیا۔ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو سبی اور سی ایم ایچ سبی منتقل کیا گیا جبکہ ایک زخمی محمد عمر راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا جبکہ دھماکے میں پانچ موٹر سائیکل اور ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی ۔ زخمیوں میں عبدالجبار، محمود خان، یار محمد، عبدالعزیز، عبدالرحیم، بلال خان، محمد غنی، دوستین خان، بابر علی،کبیر مسیح، عبدالکریم، اسد خان، دوست محمد، احمد خان، محمد خیف، جے رام داس، عزیز احمد، نور محمد،شیفع محمد، بہادر خان،گلاب خان، دانیال ، امداد علی شامل ہیں۔ اطلاع ملتے ہی ڈی آئی جی پولیس، ڈپٹی کمشنر، سول ہسپتال پہنچ گئے اور زخمیوں کی عیادت کرتے ہوئے ڈاکٹروں کو بہترین علاج معالجہ کی ہدایت کی۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے بھی سبی میں دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ آئی این پی ، آن لائن کے مطابق دھماکے کی آواز پورے شہر میں سنی گئی۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق 5زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ دھماکے سے کئی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء کیلئے 4-4لاکھ جبکہ زخمیوں کیلئے ایک، ایک لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔
سبی/ دھماکہ
سبی : سبزی منڈی کے قریب بم دھماکہ‘ دو افراد جاں بحق 23 زخمی
Sep 28, 2014