لاہور (آئی این پی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کا جھرلو نہیں چلنے دیں گے، عوام تبدیلی کے حق میں ووٹ دیں گے، 4 اکتوبر کو جلسہ کرنا ہمارا آئینی و جمہوری حق ہے جس میں آئندہ کی حکمت عملی واضح کریںگے۔ جب تک دھاندلی میں ملوث ارکان الیکشن کمشن میں موجود ہیں‘ ہم احتجاج کرتے رہیں گے۔ حکومت بجلی کی لوڈشیڈنگ سمیت دیگر مسائل کے حل میں مکمل ناکام رہی۔ قوم نااہل حکمرانوں سے تنگ آچکی ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا ہم جانتے ہیں آج بھی الیکشن کمشن اور مسلم لیگ (ن) میں مک مکا ہے اور دونوں کی کوشش ہوگی وہ ہمیں ضمنی انتخابات میں شکست دیکر دھاندلی سے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو کامیاب کرائیں مگر تحریک انصاف کے ٹائیگرز حکمرانوں کی الیکشن کمشن کیساتھ ملکر دھاندلی اور جھرلو کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیں گے اور عوام تحریک انصاف کے امیدواروں کو کامیاب کرکے ثابت کر دیں گے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) نے دھاندلی سے کامیابی حاصل کی۔