پاک فوج دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑنے میں کامیاب ہو گئی: شجاعت

لاہور /گجرات(خبر نگار +نامہ نگار) ق لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم شجاعت حسین نے سانحہ پشاور میں شہید ہونیوالے ریڈار آپریٹر منیر احمد کے گاﺅں کھاریاں میں ان کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل راحیل شریف نے دہشت گردوں کے خلاف جو جنگ شروع کی ہے وہ ضرور کامیاب ہو گی، ان کی قیادت میں پاک فوج دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑنے میں کامیاب ہو گئی ہے، ہم سندھ سمیت تمام صوبوں میں آپریشن کی حمایت کرتے ہیں، مسلم لیگ ن اپنے وزن، اعمال، لوگوں کی نفرت اور ناقص کارکردگی کی بنا پر خود ہی گر جائے گی۔ شجاعت حسین نے عید الاضحی منیر احمد شہید کے والد اللہ داد، بیٹے احتشام منیر اور دیگر اہل خاندان کے ہمراہ ان کے گھر منائی اور ان کے خاندان کی مکمل کفالت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا میں اپنے گھر والوں کو چھوڑ کر شہید کے خاندان کے ساتھ عید منانے آیا ہوں اور آئندہ بھی آتا رہوں گا۔ اس موقع پر حسین الٰہی، نعیم رضا، صفدر وڑائچ، سعادت نواز اجنالہ اور دیگر مسلم لیگی رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔ شجاعت حسین نے میڈیا سے گفتگو میں مزید کہا کہ ملک میں دہشت گردی تب ہی ختم ہو سکتی ہے جب حکمران مخلص ہوں، کراچی آپریشن 80فیصد کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے باقی 20فیصد بھی جلد مکمل ہو جائے گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا نیب نے سپریم کورٹ میں ناجائز الزامات لگائے ہم ان کا سامنا کرنے کو تیار ہیں، ہم پہلے بھی عوام کی خدمت کرتے رہے ہیں انشاءاللہ دوبارہ موقع ملا تو پھر کریں گے، انہوں نے کہا بلدیاتی الیکشن ہونے یا نہ ہونے کے امکانات ففٹی ففٹی ہیں۔ منیر احمد شہید کے والد اللہ داد نے شجاعت حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا مجھے بہت خوشی ہوئی شجاعت حسین نے میرے گھر آ کر عید منائی جبکہ کسی اور کو توفیق نہیں ہوئی کہ وہ ہمارا حال ہی پوچھ لے۔ شجاعت حسین، وجاہت حسین، شفاعت حسین، سالک حسین، حسین الٰہی اور دیگر مسلم لیگی رہنماﺅں نے نت ہاﺅس میں نماز عید ادا کی۔

ای پیپر دی نیشن