سینکڑوں پاکستانی مزدورآج سعودی عرب سے خالی ہاتھ واپس پہنچیں گے

Sep 28, 2016

ریاض (این این آئی) رواں ہفتے سعودی عرب سے سینکڑوں مزدور پاکستان واپس پہنچیں گے۔ لاکھوں روپے خرچ کر کے یہ مزدور وہاں پیسہ کمانے اور اپنا مستقبل روشن بنانے کے لیے گئے تھے لیکن بغیر تنخواہیں لئے خالی ہاتھ واپس پہنچ رہے ہیں۔جرمن ریڈیو کے مطابق سعودی عرب میں واقع سفارتخانے کے کمیونٹی ویلفئیر اٹاچی عبدالشکور شیخ نے بتایا کہ آج بدھ کے روز سے سعودی عرب میں پھنسے پاکستانی مزدوروں کی واپسی شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ چار سو سے زائد مزدوروں کو واپس پاکستان بھیجا جا رہا ہے لیکن یہ خالی ہاتھ واپس جائیں گے۔ یاد رہے کہ دو سو ستر سے زائد پاکستانی مزدوروں کو پہلے ہی بغیر تنخواہوں کے پاکستان بھیجا جا چکا ہے۔ ان چار سو سے زائد پاکستانی مزدوروں کا تعلق ان ساڑھے چھ ہزار پاکستانی ورکروں سے ہے، جو سعودی عرب کی مشہور تعمیراتی کمپنی کے لئے کام کرتے تھے اور انہیں گزشتہ آٹھ یا نو ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں۔ یاد رہے کہ اسی کمپنی میں کام کرنے والے سینکڑوں بھارتی اور فلپائنی مزدوروں کو بھی بغیر تنخواہوں کے اپنے ملک واپس جانا پڑا ہے۔

مزیدخبریں