نئی دہلی (نیٹ نیوز) چین نے پاکستان کو آبی نقصان پہنچانے کیلئے سندھ طاس معاہدے کے خاتمے کے بھارتی آپشن پر کاری وار کرتے ہوئے مودی حکومت کو سنگین نتائج بھگتنے کا انتباہ دیدیا ہے۔ چین کی جانب سے بھارتی نیتائوں کو دریائے برہماپترا‘ ستلج و دیگر دریائوں کا پانی روکنے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔ چین کے بروقت انتباہ نے بھارتی حکمرانوں کی نیندیں اڑا کر رکھ دی ہیں۔ چین نے اروناچل پردیش کو بھارت کا حصہ تسلیم کرنے سے بھی دو ٹوک الفاظ میں انکار کر دیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے بھارت و چین کی سرحدوں کی حدبندی اب تک نہیں ہوئی۔ چینی فوج گشت کے وقت لائن آف ایکچوئل کنٹرول کی سختی سے پابندی کرتی ہے۔ سرحدی حدبندی کا معاملہ مذاکرات سے حل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس میں بتایاگیا چین نے بھارت کو واضح پیغام دیدیا اس نے پاکستان کے ساتھ کئے گئے سندھ طاس معاہدے کو توڑا تو چین بھی ستلج سمیت بھارت کی طرف جانے والے دریائوں کا پانی روکنے میں حق بجانب ہوگا۔