تحریک انصاف جماعت اسلامی سمیت 4 درخواستوں پر اعتراض ختم سماعت کھلی عدالت میں ہوگی:سپریم کورٹ

Sep 28, 2016

اسلام آباد (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) سپریم کورٹ نے پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لئے تحریک انصاف، جماعت اسلامی، جمہوری وطن پارٹی اور طارق اسد ایڈووکیٹ کی درخواستوں پر رجسٹرار کے اعتراضات ختم کرکے انہیں سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے کھلی عدالت میں لگانے کا حکم دیا ہے۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لیے دائر درخواستوں پر رجسٹرار کے اعتراضات سے متعلق سماعت کی۔ چیف جسٹس نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد تحریک انصاف سمیت دیگر 4 درخواستوں پر رجسٹرار کی جانب سے لگائے گئے اعتراضات کو ختم کرتے ہوئے درخواستوں کی سماعت کھلی عدالت میں لگانے اور درخواستوں کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دیا۔ ان درخواستوں کی سماعت 3 رکنی بینچ کرے گا۔ واضح رہے جماعت اسلامی اور تحریک انصاف سمیت 4 جماعتوں نے پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کی تھی جس پر رجسٹرار آفس نے اعتراضات لگا کر واپس کردی تھی تاہم بعد میں تحریک انصاف نے درخواست پر رجسٹرار کے اعتراضات کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی تھی۔ تحریک انصاف کے وکیل حامد خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سپریم کورٹ نے اعتراضات پر دلائل کے بعد انہیں ختم کر دیا ہے۔

مزیدخبریں