ینگون+ کولمبو (نیوز ایجنسیاں+ انٹرنیشنل ڈیسک+ اے ایف پی+ نوائے وقت رپورٹ) میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کی جلائی گئی املاک حکومت نے ضبط کر لیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ جلائی گئی املاک سرکاری ملکیت میں آگئیں۔ بنگلہ دیش کے پناہ گزین روہنگیا مسلمانوں نے انتقال کارروائی پر اظہار تشویش کیا۔ سری لنکا کی قوم پرست تنظیم کے انتہاپسند بدھ بھکشوئوں نے کولمبو کے اطراف میں قائم روہنگیا مسلمان مہاجرین کے کیمپ پر حملہ کیا اور پولیس پر مبینہ طور پر غیرقانونی مہاجرین کو گرفتار کرنے کے لئے دباؤ ڈالا۔ 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ ایک وزیر نے کہا مہاجرین کو تحفظ دینے میں ناکام ہونیوالوں کیخلاف کارروائی ہو گی۔ جس کے بعد پولیس نے 31 مہاجرین، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، کو گرفتار کرکے سری لنکا کے جنوب میں قائم بوسا کمیپ میں منتقل کردیا۔ سری لنکن حکومت نے مذمت کی ہے۔ بدھ متوں نے روہنگیا کو جانور قرار دیا ہے۔ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کو زیر بحث لانے کے لئے سلامتی کونسل کا اجلاس آج جمعرات کو ہو گا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوئٹرس اجلاس کے دوران گفتگو کریں گے۔ یہ اجلاس سات ممالک کی درخواست پر بلایا گیا ہے جن میں امریکہ ، فرانس ، برطانیہ، مصر ، قازقستان ، سینی گال اور سویڈن شامل ہیں۔مذکورہ ساتوں ممالک نے انٹونیو سے مطالبہ کیا تھا کہ گزشتہ ایک ماہ سے میانمار کے مغرب میں رخائن صوبے میں روہنگیا اقلیت کے مسلمانوں کے خلاف سرکاری فوج کے فوجی آپریشن سے متعلق رپورٹ سلامتی کونسل میں پیش کی جائے۔ دوسری طرف اسرائیل نے ہٹ دھرمی برقرار رکھتے ہوئے مسلم کش کارروائیوں میں مصروف میانمار حکومت کو فوج کیلئے اسلحے کی فراہمی جاری رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔ ادھر اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کے حکام نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں 7 لاکھ روہنگیا مہاجرین تک کو خوراک کی فراہمی کا منصوبہ ترتیب دیا ہے۔ ہم نئے آنے والے پناہ گزینوں کی مدد کیلئے تیار ہیں۔
میانمار: روہنگیا مسلمانوں کی جلائی گئی املاک ضبط‘ سری لنکا: بھکشوئوں کا مہاجر کیمپ پر حملہ
Sep 28, 2017