لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے وڈیرے کے مبینہ تشدد کے باعث نابینا ہونے والے شخص کو بازیاب کرا کے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے پولیس کو ملزموں کے خلاف کارروائی کا بھی حکم دے دیا ہے۔ جسٹس انوار الحق نے دتہ پیرا کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالتی حکم پر عدالتی بیلف نے نصیر کو بازیاب کرا کے عدالت پیش کر دیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شیخوپورہ کے وڈیرے جابر نے تنخواہ کے مطالبے پر نصیر کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے باعث اسکی آنکھوں کی بینائی چلی گئی اور تشدد کے باعث جسم کے دیگر حصے بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں، ایک سال وڈیرے کے پاس ملازمت کی لیکن اجرت نہیں دی گئی۔