کوٹلی +اسلام آباد(این این آئی+ صباح نیوز+ نوائے وقت رپورٹ+سٹاف رپورٹر) لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے ایک پاکستانی شہری شہید اور 4 زخمی ہوگئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر ولید انور نے بتایا کہ واقعات ضلع کوٹلی کے نکیال سیکٹر کے مختلف دیہاتوں میں پیش آئے جہاں لوگ اپنے روز مرہ کے کام میں مصروف تھے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی فورسز کی شیلنگ صبح 7 بجکر 15 منٹ پر شروع ہوئی، بلا اشتعال فائرنگ کے باعث شہری گھروں میں محصور ہوگئے، بھارتی فورسز کی جانب سے فائر کیا جانے والا ایک شیل بالاکوٹ گاؤں کے ایک مکان پر آگرا جس کی وجہ سے 25 سالہ ملک محمد رزاق ولد عبدالخالق موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ واقعہ میں مقتول کی بہن 35 سالہ ارم بی بی کسی تیز دھار چیز کے لگنے سے زخمی ہوگئی۔ زخمی خواتین ارم ‘کوثر اور غلام فاطمہ کا تعلق بھی بالاکوٹ سے ہے۔ 13 سالہ احسن کریم ولد عبدالکریم زخمی ہو گئے۔ تمام زخمیوں کو نکیال سیکٹر کے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ علاقہ مکینوں نے بتایا کہ پاکستانی فورسز نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرکے دشمن کی بندوقیں خاموش کرا دیں۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جوابی کارروائی میں دشمن کی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ بعدازاں بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو گزشتہ روز دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے نکیال سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ پر بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے نکیال سیکٹر میں بھارتی فوج کی فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے بھارتی فائرنگ سے شہری کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
کنٹرول لائن: بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ‘ گولہ باری‘ ایک شہری شہید‘3 خواتین سمیت4 زخمی
Sep 28, 2017