کرم ایجنسی : فورسز کی گاڑی کے قریب 2دھماکے ، پشاور : کار سے 6کلو وزنی بم برآمد

Sep 28, 2017

کرم ایجنسی ،راولپنڈی،پشاور، کامونکے ( صباح نیوز+آئی این پی+بیورو رپورٹ+ نامہ نگار) کرم ایجنسی میں لوئر کرم کے علاقہ شوڑ کی میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب 2دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں 4اہلکار زخمی ہو گئے۔ پولیٹیکل حکام کے مطابق سکیورٹی فورسز کی گاڑی افغان سرحد کے قریب معمول کے گشت پر تھی۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ فورسز کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔ سکیورٹی اہلکاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا اور علاقہ میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا۔ مزید برآں فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) بلوچستان نے انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان کے علاقے جنگل پیرعلی زئے، قلعہ عبداللہ اور پشین سے کالعدم تنظیموں کے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے۔ علاوہ ازیں حیات آباد رنگ روڈ پشاور کے قریب کار سے 6 کلو وزنی بم برآمد کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق بم ڈسپوزل سکواڈ نے بم ناکارہ بنادیا۔ علاوہ ازیں جی ٹی روڈ پرامام بارگاہ کے قریب چار افغانی باشندوں کو ٹریفک وارڈن نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔جی ٹی روڈ پر واقع امام بارگاہ باب الحوائج امام موسیٰ کاظم کے نزدیک سے گذرتے کابل کے چار باشندوں حاجی خان ،سمیع اللہ ،جانزیب اور ذاکر ولد کو وہاں تعینات ٹریفک وارڈن نے شک گزرنے پر شناختی دستاویزات طلب کیں تو چاروں افغانی باشندے پاکستانی شناختی کارڈ یا پا سپورٹ نہ دیںسکے جس پر وارڈن نے انہیں پولیس کے حوالے کردیا۔پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

مزیدخبریں