عوام کو سہولیات کی فراہمی میں آئین کے مطابق کردار ادا کرتا رہوں گا: عارف علوی

اسلام آباد (این این آئی+ سپیشل رپورٹ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عوام کو سہولیات کی فراہمی میں آئین کے مطابق کردار ادا کرتا رہوں گا، ماحولیات کے مسائل سے نمٹنے کیلئے وزیراعظم کے اقدامات قابل قدر ہیں۔ وہ جمعرات کو چوہدری فواد حسین سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی افتخار درانی بھی موجود تھے۔اس موقع پر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، عوام کو سہولیات کی فراہمی میں آئین کے مطابق کردار ادا کرتا رہوں گا، ماحولیات کے مسائل سے نمٹنے کیلئے وزیراعظم کے اقدامات قابل قدر ہیں، غیرضروری پروٹوکول کو ختم کیا جائے گا۔ دریں اثناء صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے مشترکہ وزارتی کمشن کے اجلاسوں کے نتیجہ میں تجارتی، اقتصادی اور سرمایہ کاری تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ وہ کویت کے وزیر برائے تجارت و صنعت خالد نصر عبدا للہ سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ کویت کے وزیر تجارت نے صدر مملکت کو امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر کی جانب سے مبارکباد کا پیغام پہنچایا۔صدر مملکت نے کویت کی ترقی اور خوشحالی میں پاکستانی برادری کے کردار پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اپنی ہنرمند افرادی قوت کے ساتھ کویت کی مستقبل کی انسانی وسائل کی ضروریات کو پوری کر سکتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن