کابل(این این آئی)افغانستان میں آج ہونے والے صدارتی انتخابات کے موقع پرملک بھر بالخصوص دارالحکومت کابل میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان حکام نے ٹرکوں کے کابل میں داخلے پر پابندی عائد کردی جس کا مقصد ہفتہ کے روز صدارتی انتخابات سے قبل خودکش بم دھماکوں کی روک تھام کرنا ہے۔افغانستان میں انتخابات پر تشدد ہونے کا خطرہ ہے۔وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا سیکیورٹی فورسز نے شہر کے داخلی راستوں اور چوکیوں پر نفری بڑھادی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ افغان پولیس دستے دارالحکومت کے داخلی راستوں پرتعینات ہیں۔بیان میں کہا گیا انتخابات ختم ہونے تک ویگنوں کو شہر میں داخل ہونے سے بھی منع کیا گیا ہے۔ادھرطالبان نے ایک بیان میں کہا کہ وہ امریکی حملہ آوروں اور ان کے کٹھ پتلیوں کی سکیورٹی کے تمام عناصراور دفاتر اورپولنگ مراکز کو نشانہ بنا کر اس جعلی کارروائی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی پوری کوشش کریں گے۔طالبان نے افغان شہریوں کو خبردار کیاکہ وہ انتخابات کے دن پولنگ اسٹیشنوں سے دور رہیں اور خود کو خطرے میں نہ ڈالیں۔