ایران کے ساتھ 2015ء کا سمجھوتہ قائم رکھنا مشکل ہو گیا: یورپی یونین حکام

Sep 28, 2019

نیویارک (اے پی پی) یورپی یونین خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگیرینی کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ 2015ء میں طے ہونے والے جوہری سمجھوتے کو برقرار رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ نے مذکورہ سمجھوتے میں شامل دیگر ملکوں کے وزراء کی نیویارک میں ایرانی حکام سے ملاقات کے بعد نیوز کانفرنس میں کہا کہ ایران کو 2015ء کے جوہری سمجھوتے پر قائم رہنا چاہیے۔ موگیرینی نے کہا کہ معاہدے میں شام ملکوں نے سمجھوتہ برقرار رکھنے کی ہر ممکن کوشش کرتے رہنے کے عزم کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے پابندیاں عائد کیے جانے کے باوجود ایران یورینیم کی افزودگی کی سطح بڑھا رہا ہے۔ انہوں نے ایرانی اقدامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زوردیا کہ ایران جوہری معاہدے کی پاسداری کرے۔ ایران نے اس ملاقات کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ۔ایرانی معیشت کو امریکی پابندیوں سے بچانے کے سلسلے میں یورپی یونین کی جانب سے کچھ نہ کیے جانے پر ایران نے عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

مزیدخبریں