سیالکوٹ (نمائندہ خصوصی) ورکنگ بائونڈری کے چپراڑ سیکٹر میں واقع سرحدی گائوں ہیل جٹاں میں مقیم غمزدہ خاندان نے وزیر اعظم عمران خان سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ سفارتی و حکومتی ذرائع استعمال کر کے ان کے بیٹے کو ہندوستان سے واپس پاکستان منگوائیں۔ مقامی محنت کش محمد رفیق کا 20سالہ بیٹا بشارت علی23 ستمبر 2019ء کو دریائے توی سے مچھلیاں پکڑتے ہوئے غلطی سے چپراڑ سیکٹر سے سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری کراس کر کے بھارتی علاقہ میں داخل ہو گیا۔ بھارتی سکیورٹی فورسز (بی ایس ایف) نے بشارت علی کو پاکستانی دہشت گرد قرار دے کر گرفتار کر لیا تھا۔ بشارت علی کے اہلخا نہ کا کہنا ہے کہ وہ سیالکوٹ کی فیکٹری میں بطور ورکر کام کرتا ہے چار بہنیں ہیں اور وہ گھر کا واحد کفیل ہے۔