ریاست مدینہ نہیں بھی بناسکے تو ایک قدم بڑھا تو سکتے ہیں،وفاقی اور صوبائی حکومت جب مل کر کام کریں گے تو کراچی بہتر ہوگا:صدر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہم ریاست مدینہ نہیں بھی بناسکے تو اک قدم بڑھاسکتے ہیں۔صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت جب مل کر کام کریں گے تو کراچی بہتر ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے گورنر ہاؤس میں 2 روزہ فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں ناموس رسالت پر بات کی، عمران خان نے اقوام متحدہ میں کشمیر کا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کیا۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ بہت خوشی ہوئی وزیراعظم نے اجلاس میں ماحول پر بھی بات کی, وزیر اعظم نے کل اقوام متحدہ میں عوام کے جذبات کی مکمل نمائندگی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں ساری قوتیں مل کر کام کریں، کچرے کو صحیح جگہ پر پھینکیں، سب کا کام ہے کہ کوڑا نہ ہونے دیں۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ سندھ میں اتنا پیسہ چوری ہوا اور کہاں گیا مجھے معلوم نہیں ہے، میری اس بات میں زیادہ دلچسپی ہے کہ پیسہ واپس آجائے۔صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ جیسے جیسے معیشت بہتر ہوگی مسائل بھی حل ہوں گے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اقوام متحدہ ہتھیار اٹھانے سے روکنے کےلیے بنا تھا، عمران خان نے گزشتہ روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بے انتہا خوبصورت تقریر کی، انہوں نے اپنے دورہ امریکا میں ریاست مدینہ کی نشانیوں پر کھل کربات کی۔ پورا یقین ہےکہ ملک میں تبدیلی آتی جارہی ہے۔ ہم ریاست مدینہ نہیں بھی بناسکے تو اک قدم بڑھاسکتے ہیں۔

صدرمملکت نے کہا کہ ہماری معیشت کنزیومر ازم کا شکار ہے، ملٹی نیشنل کمپنیز کی طاقت نے جمہوریت کو یرغمال بنالیاہے، معیشت کو بہتر کرلیں تو پاکستان دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں ہوگا۔

صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ کراچی کا حال گزرے ہوئے پچیس سالوں کا نتیجہ ہے، تمام چیزیں بالائے طاق رکھ کر سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

 انہوں نے کہا کہ خواہش ہے کہ وفاق اور سندھ حکومت مل کر عوام کی خدمت کریں۔

عارف علوی نے کہا کہ چھانگلہ گلی میں جب میں نے کوڑا اٹھانا شروع کیا تو مجھ پر تنقید کی گئی، مگر کوئی کام ایسا نہیں جو انفرادی نا ہو۔

اس سے قبل صدر پاکستان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور گورنر ہائوس میں آنے والے سرکاری اسکولوں کے بچوں میں گھل مل گئے۔

 
 

ای پیپر دی نیشن