لاہور(کامرس رپورٹر)کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف نے کہا ہے کہ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے ادارے ٹیکسٹائل کی طرح ہاتھ سے بنے قالینوں کی ڈیزائننگ اورڈائنگ کو بھی کورسز کا حصہ بنائیں جس سے مستقبل میں فیکلٹی بھی میسر آ سکے گی ،ہاتھ سے بنے قالین دنیا میں پاکستان کی منفرد پہچان ہیںجس کی مزید موثر تشہیر کیلئے سوشل میڈیا مارکیٹنگ کورسزشروع کرائے جائیں اور اس کیلئے خصوصی ونڈو بنائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی ٹی آئی میں زیر تربیت نوجوانوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت توجہ دے تو عالمی منڈیوںمیں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرسکتے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی اور انوویشن کی جانب پیشرفت کرنا ہوگی جس کیلئے حکومتی سر پرستی نا گزیر ہے۔ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر میںجو ادارے ٹیکسٹائل سمیت فیشن کے دیگر کورسز کرا رہے ہیں حکومت انہیں ہاتھ سے بنے قالینوں کی ڈیزائننگ اور ڈائنگ کوبھی کورس کا حصہ بنانے کا پابند کرے۔ بیرون ممالک پاکستانی سفارتخانوں سے مختلف ممالک میں ڈیزائننگ کے رجحانات کے حوالے سے معلومات حاصل کی جائیں جنہیں مدنظر رکھ کر قالینوں کی تیاری کی جائے۔ قالینوں کے شعبے میں بڑا پوٹینشل اور دنیا میں پاکستان کی پہچان اور تعارف ہے۔