لاہور(نامہ نگار)سی ٹی او لاہور سید حماد عابد کی زیر صدارت سٹی ٹریفک پولیس کا اجلاس منعقد ہوا۔ سید حماد عابد کا کہنا تھا کہ ہم ریونیو جنریٹرز نہیں، صرف چالان کرنا مقصد نہیں بلکہ شہریوں کی اصلاح کرتے ہوئے انہیں قوانین کا پابند بنانا ہے۔ اب سیف سٹی کیمروں کی مدد سے وارڈنز کی مانیٹرنگ کی جائیگی کوئی بھی اہلکار اپنا پوائنٹ نہیں چھوڑے گا اور نہ ہی جمگھٹے کی صورت میں کھڑے ہونگے۔اہلکار اپنے افسران کیلئے نہیں، اللہ کی خوشنودی اور شہریوں کے تحفظ کیلئے کام کریں۔ ناقص کارکردگی پر اب سپروائزری افسران جواب دہ ہونگے۔وارڈنز پولیس کے سفیر ہیں، خوش اخلاقی اور صبر کا دامن نہ چھوڑیں۔ ٹریفک چالان صرف شہریوں کی اصلاح کیلئے کئے جائیں۔ حادثات اور منظم ٹریفک سسٹم کیلئے قانون شکنی پر کارروائی لازمی کی جائے اورشہریوں کی عزت نفس کو کسی صورت مجروح نہیں ہونے دیا جائیگا۔ کرپشن ایک روپے کی ہو یا ایک لاکھ کی، کسی بھی صورت میں برداشت نہیں۔ پولیس کا کام شہریوں کی فلاح کرنا، اسلام بھی ہمیں حققوق العباد کا درس دیتا ہے۔ ٹیم ورک سے ٹریفک مسائل کا خاتمہ ہوگا۔ ایک منٹ کیلئے جو غیر حاضر ہوگا، پورے دن کیلئے غیر حاضر سمجھا جائے گا۔ ٹرانسفر پوسٹنگ اور چھٹی پر پالیسی کے مطابق کام جاری ہے۔ ہیلمٹ پابندی پر سو فیصد عمل درآمد کروایا جائے۔