لاڑکانہ(بیورو رپورٹ) لاڑکانہ شہر کے مختلف علاقوں میں غیر معیاری اور کیمیکل ملا ہوا دودھ فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے، اس سلسلے میں ڈائریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی ٹیم کی جانب سے شہر کے بندر روڈ، باقرانی روڈ، لاہوری محلہ سمیت دیگر علاقوں میں دودھ کے 20 سے زائد دکانوں پر چھاپہ مارکر 15 سے زائد ڈرمز میں موجود دودھ کا معائنہ کیا جس دوران غیر معیاری اور کیمیکل ملا شدہ دودھ کو ضایع کردیا گیا، اس موقع پر سندھ فوڈ اتھارٹی ٹیم کے سیفٹی افسران اللہ بچایو مہر، محمد علی سومرو، ریاض حسین مری اور محمد اسلم شر نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ کی جانب سے شہر میں غیر معیاری اور کیمیکل ملا شدہ دودھ کے تعلق شکایات کی گئی جس پر آج سندھ فوڈ اتھارٹی ٹیم نے ڈائریکٹر عائشہ جونیجو کی ہدایات پر شہر کے مختلف علاقوں کے دودھ کے دکانوں پر چھاپہ مارکر دودھ کا معائنہ کیا جس دوران دودھ غیر معیاری ہونے کے ساتھ ساتھ کیمیکل کے شواہد ملنے پر 15 سے زائد ڈرمز میں موجود دودھ کو ضایع کرکے دکانداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ معیاری دودھ کے فروخت کو یقینی بنائیں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔