لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیشنل فریم ورک پالیسی پر اہم اجلاس آج ملتان میں ہو گا۔ اجلاس میں چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ مصباح الحق، بائولنگ وقار یونس، ہیڈ آف انٹر نیشنل پلیئرز ڈویلپمنٹ ثقلین مشتاق اور ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ گرانٹ بریڈ برن شریک ہونگے۔کرونا وائرس ایس او پیز مکمل کرنے کے بعد اجلاسوں میں شریک ہوں گے ان میں کروناٹیسٹ بھی شامل ہیں۔ نیشنل فریم ورک پالیسی میں 6 ڈومیسٹک کرکٹ ٹیموں کے کوچز بھی شریک ہوں گے اور چند انٹر نیشنل کھلاڑیوں کو بھی مدعو کیا جائیگا اور پالیسی کے بارے میں آگاہ کیا جائیگا ۔ بتایا جائیگا مستقبل کیلئے کیا مختلف منصوبہ بندیاں کی گئی ہیں جبکہ ان میں کھلاڑیوں کے رولز بھی شامل ہیں۔ چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ مصباح الحق منگل کو سلیکشن کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کرینگے اور زمبابوے اور دیگر سیریز کے حوالے سے پلان ترتیب دیں گے اور کھلاڑیوں پر مشاورت کرینگے۔ وہ کوچز سے ملاقاتیں بھی کریں گے اور نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے میچز بھی دیکھیں گے۔ مصباح الحق کی لاہور میں عدم دستیابی کی وجہ سے ان کی اور ٹیسٹ کپتان اظہر علی کی پی سی بی کے اعلیٰ عہدیداران سے فوری طور پر ملاقات نہیں ہو سکے گی۔ مصباح الحق کی ملتان سے واپسی پر ملاقات شیڈول کی جائیگی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیشنل فریم ورک پالیسی پر اجلاس آج ملتان میں ہوگا
Sep 28, 2020