ووٹرز انتخابات میں غیر ریاستی جماعتوں پر جھاڑو پھریں گے: غلام نبی شاہ کاظمی

 چناری ( نامہ نگار) آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی اور نون لیگ کو شکست فاش ہوگی اور انتخابات میں غیر ریاستی جماعتوں پر جھاڑو پھرے گا۔ آزاد کشمیر میں نون لیگ اور پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور دیگر جماعتیں عوام کی نظروں میں بے نقاب ہو چکی ہیں۔ آزاد کشمیر اور مظفرآباد کی تعمیر و ترقی کے نام پر ریاستی اداروں کے ساتھ مل کر پیپلزپارٹی اور نون لیگ کی حکومتوں نے اربوں روپے کی کرپشن کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم کانفرنس حلقہ 5 کے رہنماؤں سابق پولیٹیکل سیکرٹری سید غلام نبی شاہ کاظمی، کرنل ریٹائرڈ محمد عارف عباسی، پیرزادہ زہیر الدین، محمد مظفر عباسی، محمد عزیز خان، زمان احمد خان نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جون 2011 اور جولائی 2016 میں پیپلزپارٹی اور نون لیگ کو دھاندلی کے ذریعے آزاد کشمیر کے عوام پر جبرا مسلط کیا گیا ہے۔ ان رہنماؤں نے کہا کہ سابق صدر زرداری اور نواز شریف نے آزاد کشمیر میں مسلم کانفرنس کے خلاف انتخابی ٹریلر چلا کر اور مسلم کانفرنس کے لوگوں کو توڑ کر غیر جمہوری، غیر اخلاقی طور پر آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی اور نون لیگ بنائی۔ آزاد کشمیر کو ان حکمرانوں نے کرپشن کا گڑھ بنا دیا ہے۔ اب ان غیر ریاستی جماعتوں خے بوریا بستر گول ہونے کا وقت قریب آگیا ہے۔ ریاستی جماعت مسلم کانفرنس کی قیادت پوری طرح کمر بستہ اور صف آرا ہو کر میدان میں اتر چکی ہے۔ وادی نیلم کے عوام نے مسلم کانفرنس کا کنونشن کامیاب بنایا اور پونچھ دھیر کوٹ کے کنونشن نے غیر ریاستی جماعتوں کے غبارے سے ہوا نکال دی ہے۔ 14 اکتوبر کو انشاء اللہ مسلم کانفرنس آزاد کشمیر کی تاریخ کا بڑا اجتماع کرے گی۔ جس میں مسلم کانفرنس کی ٹاپ لیڈرشپ کے علاوہ عسکری قیادت کے ریٹائرڈ جرنیل بھی شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سارے آزاد کشمیر میں عوام جاگ اٹھے ہیں اور لوگ جوق در جوق مسلم کانفرنس میں شامل ہو رہے ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن