لاہور‘ شرقپور شریف (نیوز رپورٹر+ نامہ نگار+ اے پی پی) ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہی کے لیے ہیں۔کسی لیڈر یا شخصیت کے لیے نہیں۔ میاں نواز شریف نے اپنے خطاب میں اداروں کو نشانہ بنایا‘ غصے کا یہ انداز ٹھیک نہیں تھا۔ میاں نواز شریف ہمارے لیڈر ہیں۔ انہیں محتاط رہ کر یہ بیان دینے چاہئیں۔ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے ابھی تک کوئی شوکاز نوٹس نہیں ملا ہے‘ ملے گا تو میں اس کا پورے احترام اور سچائی سے جواب دوں گا اور مسلم لیگ (ن) کو مطمئن کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار ممبر صوبائی اسمبلی میاں جلیل احمد شرقپوری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیب کے ذریعے جو زیادتیاں کی گئیں یہ سراسر ظلم ہے۔ قومی لیڈروں کے ساتھ اس طرح نہیں ہوناچا ہیے۔ مشرف دور میں مجھے آفر ہوئی۔ لیکن نواز شریف کے موقف کی ہمیشہ حمایت کی۔ مناسب نہیں ہے۔ نواز شریف پر جو مقدمات ہیں وہ جھوٹے ہیں یا سچے فیصلہ عدالتیںکریں گی۔ نواز شریف کا موقف قومی مفاد کے خلاف ہے۔ن لیگ سے ش لیگ نہیں بنے گی۔ ووٹ نواز لیگ کا ہی ہے۔ جلیل شرقپوری کا کہنا ہے کہ اداروں کے خلاف میاں نوازشریف کی تقریر سے دل دکھا ہے۔ جلیل شرقپوری نے اپنی پارٹی رکنیت کی معطلی پر پریس کانفرنس کی اور کہا کہ میں ن لیگ میں ہوں مجھے کوئی نہیں نکال سکتا۔ جلیل شرقپوری نے کہا کہ نوازشریف نے جذبات میں آ کر اداروں کے خلاف بیان دیا ہے۔ نواز شریف کو ایسی گفتگو نہیں کرنی چاہئے تھی۔ مزید براں مسلم لیگ ن کے ایم پی اے جلیل احمد شرقپوری نے کہا ہے کہ ہر پارٹی میں ڈکٹیٹر شپ ہے‘ پارٹیوں میں جمہوریت نہیں‘ ہر پارٹی ایک ایک شخصیت سے چل رہی ہے۔ مجھے کوئی شوکاز ملا نہ رکنیت معطل ہوئی۔ اگر میری غلطی ہوئی تو معذرت کر لوں گا۔ نوازشریف کی تقریر نے دل دکھایا۔ اپنے قائد سے اس قدر کمزوری کی امید نہیں تھی۔ سیاسی پارٹیاں محب وطن ہیں۔ غلطی کسی سے بھی ہو سکتی ہے۔ رانا ثناء اﷲ قابل احترام ہیں۔ انہیں ایسا بیان نہیں دینا چاہئے تھا۔ مجھے سنے بغیر بیان دینا کوئی اچھا عمل نہیں۔رانا ثناء اﷲ بڑے ہیں ان کو چھوٹی بات نہیں کرنی چاہئے۔ نیب کو کسی کو گرفتار کرنے کا اختیار نہیں ہونا چاہئے۔ مزید براں نجی ٹی وی کے مطابق لیگی رہنما‘ رکن پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔ شرقپوری نے تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چودھری اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی۔ اعجاز چودھری نے نوازشریف کی تقریر پر جلیل شرقپوری کے موقف کو سراہا۔ اس موقع پر اعجاز چودھری کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ (ن) لیگ کے رکن پارلیمنٹ مفرور نوازشریف پر عدم اعتماد کا اظہار کررہے ہیں۔ سزا یافتہ اشتہاری مجرم کے بیان کو ملک کی غیور عوام نے مسترد کر دیا ہے۔