کراچی (نوائے وقت رپورٹ) وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کل کراچی سرکلر ریلوے کا نقشہ جاری کریں گے جسے دیکھ کر لوگ اپنا بندوبست خود کر لیں گے۔ وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت سے کراچی سرکلر ریلوے کے حوالے سے کوئی لڑائی نہیں ہے۔ کراچی سرکلر ریلوے سے متعلق سندھ حکومت اور وفاقی حکومت ایک پیج پر ہیں وزیر اعلی سندھ اور چیف سیکرٹری سندھ مکمل تعاون کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی سرکلر ریلوے پر10 ارب سے زائد رقم خرچ کرنے جا رہے ہیں سرکلر ریلوے کا جائزہ لینے ہر15 دن بعد کراچی آؤں گا۔ ریلوے زمین پر تجاوزات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ریلوے سپریم کورٹ کے احکامات پر مکمل عمل درآمد کرے گی، اور سپریم کورٹ کا حکم ہے ریلوے ٹریک کے اطراف سے تجاوزات ختم کی جائیں۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر ریلوے نے کہا کہ کل سرکلر ریلوے کا نقشہ دے دیں گے، نقشہ دیکھ کر لوگ اپنا بندوبست کرلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر پندرہ دن بعد کراچی آئوں گا، ہماری طرف سے کام شروع ہے12 کلومیٹر مکمل کرلیا۔ ہمارے پاس 30 کلو میٹر ہے۔ سندھ حکومت کے ساتھ مل کر تجاوزات کی نشاندہی کی جارہی ہے۔ ہم نے تجاوزات گرانی ہی گرانی ہے۔ تجاوزات کے خاتمے کیلئے عدالت عظمیٰ کا دبائو ہے۔ شیخ رشید نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد کریں گے۔ سندھ حکومت سے درخواست ہے جو لوگ بے گھر ہوں گے انہیں متبادل جگہ فراہم کرے۔ جس طرح سپریم کورٹ کا کے سی آر بحالی کیلئے جذبہ ہے۔ اسی طرح وفاق اور صوبائی حکومت کا جذبہ ہونا چاہئے۔
کراچی سرکلر کا نقشہ دیکھ کر لوگ بندوبست کر لیں‘ تجاوزات ختم کرنی ہیں: شیخ رشید
Sep 28, 2020