لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے 2020-21 کے لئے ایسوسی ایٹ کلاس کے انتخابات میں پیاف فاونڈرز الائنس نے 8 نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے ایک اور کلین سویپ کر دیا۔ جس کے بعد اب الائنس اپنا صدر، سینئر نائب صدر اور نائب صدر منتخب کرے گا۔ کل10,670 ووٹ تھے جن میں سے 4751ووٹ ڈالے گئے جبکہ102ووٹ تکنیکی وجوہات کی بنا پر مسترد کردیئے گئے۔ پیاف فاؤنڈرز الائنس نے مجموعی طور پر2477 پینل ووٹ حاصل کئے جبکہ لاہور بزنسمین فرنٹ نے999 پینل ووٹ حاصل کئے۔ وائس آف ٹریڈرز نے مجموعی طور پر2 پینل ووٹ حاصل کئے۔ پیاف فاونڈرز الائنس کے امیدوار ناصر حمید خان نے 3299 ، سلیم اصغر بھٹی کو 3236 ملے، میاں مقبول صدیقی نے 3220 ووٹ، شہزاد بٹ نے 3208، شاہد نذیر چوہدری نے 3187 ووٹ،کاشف بشیر نے 3151 ووٹ حاصل کیے۔ محمد علی افضل نے 3085 اور محمد نعیم حنیف نے 3056 ووٹ حاصل کیے۔لاہور بزنس مین فرنٹ کے امیدوار محمد امجد چوہدری نے 1693، میاں جاوید علی نے 1432 ووٹ، علی رضا نے 1349 ووٹ، زین الٰہی نے 1339، نبیل محمود کو 1229، چوہدری محمد راشد نے 1211، محمد وسیم عباس کو 1185 ووٹ ملے، ساجد عزیز میر کو بالترتیب 1195 ووٹ ملے۔ جبکہ وائس آف ٹریڈرز کے امیدوار محمد عاصم نے 78، میاں کامران سیف 82، رانا محمد ریاض 69 ، محمد ساوید 49 ، محمد منشا بھٹی 62 ووٹ، محمد خالد نے 65 ووٹ حاصل کیے۔ حتمی نتائج کا اعلان 30 ستمبر کو شیڈول سالانہ جنرل اجلاس میں کیا جائے گا۔ سہیل لاشاری، شاہد حسن شیخ اور ہارون شفیق چوہدری پر مشتمل الیکشن کمشن نے عارضی نتائج کا اعلان کیا۔ پینل ووٹ کے نتائج کے اعلان کے بعدلاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے پیاف فاونڈر الائنس پر اعتماد کرنے پر ووٹرز کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پیاف فاونڈر الائنس کے قائدین کو اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرنے اور فتح کو یقینی بنانے کے لئے کی گئی کوششوں پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ لاہور چیمبر کے ممبران کو ان کے کاروبار کو آسانی سے چلانے کے لئے سہولت فراہم کرنے کے لئے تمام کوششیں کی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق میاں طارق مصباح آئندہ سال کے لئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ہونگے یہ امر قابل ذکر ہے کہ میاں طارق مصباح کے والد میاں مصباح الرحمن بھی لاہور چیمبر کے صدر رہ چکے ہیں جبکہ ناصر حمید خان سینئر نائب صدر ہونگے اور چوہدری طاہر منظور نائب صدر ہونگے۔