راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے الائیڈ پارٹیزکرپشن اور الطاف پارٹ ٹو کے پاکستان اور ملکی اداروں کے خلاف تقاریر پر مسلم لیگ ن میں جنم لینے والی بغاوت کی لہر اور سابق وزیر مملکت طلال چوہدری کے حوالے سے رات کے آخری پہر آنے والی تنظیم سازی نے ہر سیاسی کارکن کو شرمندہ کردیا ہے۔ میاں نوا شریف کی تقریر پر ن لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی میاں جلیل احمد شرقپوری نے ردعمل دیا ہے وہ ملک مخالف کسی بیانیے کے ساتھ نہیں۔ اس طرح الطاف حسین پارٹ ٹو سے بغاوت کی لہر کا آغاز ہوگیا ہے۔ ن لیگ جب حکومت میں تھی تو طلال چوہدری کے فیصل آباد میں سرکاری خرچے پر بڑے جلسے سے خطاب میں پی ٹی آئی کی سیاسی قیادت کے بارے میں ذومعنی اور بدتمیزی کا خطاب کیا تو شہباز شریف اور حمزہ شریف نے انہیں تھپکی دی جبکہ بیگم صفدر اعوان نے طلال چوہدری کیلئے پرائم منسٹرز ہائوس میں پارٹی منعقد کی جس میں اس تقریر پر تالیاں بجا کر استقبال کیا گیا۔ لیکن آج مکافات عمل ہے کہ اسی فیصل آباد شہر میں وہ ن لیگ کی ہی خاتون رکن قومی اسمبلی کے گھر سے رات گئے پٹ کر نکلے۔ میرے پاس وہ ساری فوٹیج پہلے مرحلے میں ہی آگئی تھی لیکن یہ ہمارا وطیرہ نہیں کہ کسی ماں بہن کے بارے میں کوئی ایسا ذکر کرتے لیکن جب سوشل میڈیا پر سب کچھ آگیا تو پھر میں نے دن چار بجے اس واقعہ پر پہلا بیپر دیا کیونکہ ن لیگ اس پٹائی کو ایجنسیوں کے کھاتے میں ڈال رہی تھی۔ جبکہ پٹنے کے دوران منظر میں خاتون ایم این اے کے بھائی کی تصویر بھی تھی۔ چاہئے تو یہ تھا کہ مریم صفدر جوخ اتون ہیں وہ اپنی ہی جماعت کی خاتون رکن اسمبلی کی جگ ہنسائی اور ہراسگی کے واقعہ پرطلال چوہدری کو پارٹی سے نکلوا دیتیں۔ مولانا فضل الرحمٰن کا ووٹ بینک کے پی کے اور بلوچستان کے صرف چار اضلاع میں لیکن ان کی جائیدادیں اور اثاثے پاکستان کے ہر ضلع میں موجود ہیں ۔ اے پی پی کے مطابق فیاض الحسن چوہان نے کہا طلال چودھری کی حرکت سے ملک کی تمام سیاسی قیادت کے سرشرم سے جھک گئے ہیں‘ رات کے اندھیرے میں تنظیم سازی طلال چودھری کی ایجاد ہے‘ تنظیم سازی رات کو ہو تو آٹر شاکس ہڈیا ٹوٹنے کی صورت میں آتے ہیں‘ پنجاب حکومت نے انویسٹی گیشن کمیٹی بنا دی ہے‘ فریقین کی جانب سے عدم تعاون پر 15 جعلی کال قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی‘ مولانا فضل الرحمان نیب کو دھمکیاں دینے کے بجائے جو 40 سالوں میں کمایا اس کا حساب دیں‘ اپوزیشن جب بھی استعفے دے گی ضمنی انتظامات کرا دیئے جائیں گے۔