کراچی (نیوز رپورٹر) ملک میں حکومت نام کی کوئی چیزنہیں ہے، پاکستان کو داخلی اور خارجی سطح پر کمزورکیاجارہاہے، فرقہ واریت کا جن بوتل سے نکلنے لگاہے،مہنگائی زوروں پر ہے،پاکستان کی شہہ رگ اور معاشی حب کراچی کو کھنڈرات میں تبدیل کردیاگیاہے، جمعیت علمائے اسلام ان حالات میں خاموش نہیں بیٹھے گی، مرکزی قیادت اکتوبر میں کراچی کا تفصیلی دورہ کرے گی،عوام الناس میں شعوراجاگر کرنے کے لئے خدمات مولاناسمیع الحق شہید کانفرنسزکاانعقاد کیاجائے گا۔ان خیالات کا اظہار جمعیت علمائے اسلام س کے مرکزی ترجمان اور امیر خیبرپختونخوامولاناسید یوسف شاہ نے صوبائی مجالس شوریٰ وعاملہ کے اجلاس کے بعدخانقاہ مدنیہ سرجانی میں پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر میزبان جے یوآئی کراچی کے جنرل سیکریٹری مفتی محمدحماداللہ مدنی، مولاناخواجہ احمدالرحمان یارخان، قاری سیف اللہ ،مفتی فیضان شفیع، مولاناصہیب تبسم ،بلال احمد ودیگر بھی موجودتھے۔مولاناسید یوسف شاہ نے کہاکہ جمعیت علمائے اسلام کو کراچی بھرمیں منظم کرکے کراچی کواس کا حق دلوائیں گے۔انہوں نے کہاکہ وفاقی وصوبائی حکومت ناکام ہوچکی ہیں ،مسائل بڑھتے جارہے ہیں، کوئی پرسان حال نہیں ہے،جمعیت علمائے اسلام اپنی روایات کے مطابق ملک بچانے کے لئے میدان عمل میں نکلے گی اور قائدجمعیت مولاناسمیع الحق کے نظریئے اور ان کے مشن خداکی زمین پر خداکانظام کی تکمیل کے لئے اپنی کوششیں کاوشیں اور وسائل بروئے کارلائے گی۔انہوں نے کہاکہ ملک میں اسلامی نظام ناگزیر ہوچکاہے اس نظام کے علاوہ کسی نظام میں کامیابی نہیں ہے۔اگر ملک میں اسلامی نظام ہوتاتو آج کسی کی ہمت نہیں ہوتی کہ کسی عورت کی سرراہے عصمت دری کرتا،آج ملک میں جنگل کا قانون ہے کوئی بھی خودکو محفوظ نہیں سمجھتا،حکمران طبقہ اقتدارکی رسہ کشی میں مصروف ہے اور عدالتی نظام بھی کمزورپڑچکاہے،اگر زیادتی کے ایک بھی مجرم کو ڈی چوک پر لٹکادیاجاتاتو آج یہ صورتحال نہ ہوتی۔ ۔انہوں نے حکمرانوں کو مکاطب کرتے ہوئے کہاکہ خداراعوام کی حالت زارپر رحم کریں، عوام نے آپ کو ووٹ آپس میں لڑنے کے لئے نہیں دیئے تھے،وقت آگیاہے کہ عوام کے مسائل حل کئے جائیں۔انہوں نے کہاکہ جمعیت علمائے اسلام نے ہمیشہ اتحادکی کوشش کی ہے،آج پھر تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہونے کی دعوت دے رہے ہیںکیونکہ اکیلے اس آگ کو بجھایانہیں جاسکتا،ملک میں جتنے بھی اتحاد بنے سب میں مولاناسمیع الحق کی نمایاں کاوشیں رہیں۔موجودہ دورمیں مولاناسمیع الحق جیسی سیاسی بصیرت رکھنے والی قیادت کا فقدان صاف محسوس کیاجارہاہے۔جمعیت علمائے اسلام قیادت کے اس خلاء کو پر کرنے کے لئے متحرک ہوچکی ہے۔ کراچی کو اس کا حق دلواکر دم لیں گے۔