لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ الحمدللہ! برطانوی عدالت نے اپنے فیصلے میں دوٹوک اور واضح طورپر شہبازشریف اور ان کے خاندان کو عمران خان کی طرف سے عائد کردہ کرپشن اور منی لانڈرنگ کے گھٹیا اور سیاسی انتقام پر مبنی بے بنیاد الزامات سے بری کردیا ہے۔ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے 21 ماہ کی عالمی تحقیقات کی جو 20 سال کی طویل ترین مدت تک جاری رہیں جس میں دیگر ممالک میں تحقیقات کے دائرہ کار سے متعلق غیرمعمولی مسائل کو حل کیا گیا۔ پاکستان کی تاریخ میں کبھی کسی عوامی عہدہ رکھنے والے شخص کی اتنی سخت کثیرالملکی تحقیقات اور چھان بین نہیں ہوئی۔ عمران خان ساری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گئے ہیں جو دیانتدار عوام کی خدمت کرنے والے راہنمائوں کی کردار کشی کرتا رہا۔ کرپشن کے جھوٹے بیانیہ کو محض ایک بہانے کے طور پر استعمال کیا گیا جس کی حقیقت سامنے آگئی ہے۔ ہزار جھوٹ چھپانے کے لیے اب مزید سو جھوٹ اور بولے جارہے ہیں۔
برطانوی عدالت نے شہباز شریف کو عمران کے بے بنیاد الزامات سے بری کیا: مریم اورنگزیب
Sep 28, 2021