اسلام آباد (نامہ نگار) قومی اسمبلی میں حکومت کے لیے کورم پورا کرنا مسئلہ بن گیا ہے۔ چوتھے پارلیمانی سال کے مسلسل چھے اجلاس کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے ملتوی کرنا پڑے۔ پیر کو بھی کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے قومی اسمبلی اجلاس کا ایجنڈا مکمل نہ ہو سکا۔ قومی اسمبلی کو آ گاہ کیا گیا کہ پی آئی اے نے سعودی عرب، امارات، اومان، قطر، بحرین، افغانستان، برطانیہ، فرانس، کینیڈا، ملائشیا اور شام کے لئے پروازوں کا دوبارہ آغاز کردیا ہے۔ یورپ کے جن ممالک کے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی لگائی تھی ان کے تحفظات دور کر دیے ہیں۔ 15نومبر سے ان ممالک کاوفد آکر آڈٹ کریگا۔ پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) کی بارشوں کے حوالے سے پیش گوئی کی درستگی کی شرح 95فیصد ہے۔ اسلام آ باد کے ایک سیکٹر میں حالیہ سیلاب کی وجہ سی ڈی اے کی کچھ بے ضابطگیاں تھیں۔ وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے کہا کہ دالبندین سمیت تمام روٹس جن پر مسافروں کی تعداد کم تھی بند کردیے گئے ہیں تاہم دالبندین ایئرپورٹ کھلا ہے۔ ہمارے دور میں 73 آسامیوں پر پی آئی اے میں میرٹ پر بھرتیاں کی گئی۔ گزشتہ حکومت میں جعلی اسناد پر بھرتیاں کیں گئیں، ہم نے ان کو نکالا۔ پی آئی اے کے 262پائلٹس کی ڈگریاں مشتبہ قرار پائی تھیں ۔ 50 پائلٹس کو جعلی ڈگریوں کی بنیاد پر نکالا گیا اور32کو معطل کیا گیا۔ اس معاملہ پر ہماری حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ کچھ پائلٹس پابند سلاسل ہیں اور مقدمات بھگت رہے ہیں۔ پی آئی اے میں 345پائلٹس اس وقت کام کر رہے ہیں۔ پی آ ئی اے کے پاس30 ایئرکرافٹس مو جود ہیں۔ بابر اعوان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے 2020اور2021میں کوئی ہوٹل اور موٹل فروخت نہیں کئے گئے۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے وفاقی تعلیم وجہیہ اکرم نے کہا کہ یونیورسٹیوں کی آن لائن کلاسز کیلئے مانیٹرنگ نظام بنایا گیا ہے۔ 172یونیورسٹیوں نے آن لائن تیاری پر کامیابی سے عمل درآمد کی رپورٹ دی ہے۔ وزیر انچارج برائے کابینہ ڈویژن نے تحریری جواب میں تبایا کہ سنگ جانی اسلام آباد کے مقام پر ایک ہاؤسنگ پراجیکٹ تخمینہ کے مرحلہ میں ہے، یہ سرکاری اراضی پر بنایا گیا ہے ، یہ سکیم 2392ہاؤسنگ یونٹوں پر مشتمل ہوگی۔ غلام سرور خان نے آگاہ کیا کہ ملک بھر میں پی سی اے اے موجودہ ہوائی اڈوں کے تحت کل ہوائی اڈے 44ہیں جن میں سے فعال ہوائی اڈے 27ہیں، بین الاقوامی ہوائی اڈوں کی تعداد 12 ہے اور ڈومیسٹک ہوائی اڈے 15ہیں۔ پیپلز پارٹی کے رکن احسان اللہ مزاری نے کورم کی نشاندہی کی۔ کورم نامکمل ہونے پر اجلاس آ ج منگل شام چار بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
قومی اسمبلی : پی آئی اے پر پابندی ، یورپی ملکوں کے تحفظات دور کر دیئے : حکومت
Sep 28, 2021