اسلام آبا د (خصوصی نا مہ نگار) لندن میں برطانوی پارلیمنٹ کے ہاؤس آف کامنز کی فارن آفیئرز اور ڈیفنس کمیٹیوں کے سربراہان کی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ اب قت آگیا ہے کہ پاک برطانیہ سٹرٹیجک شراکت داری کوآگے بڑھایا جائے اور تعلقات کو اگلے درجے تک لے جایا جائے۔ تفصیلات کے مطابق مخدوم شاہ محمود قریشی سے ہاؤس آف کامنز سلیکٹ کمیٹی برائے خارجہ امور کے سربراہ ٹام ٹگن ڈاٹ اور ڈیفنس کمیٹی کے سربراہ ٹوبیاس ایلووڈ کی سربراہی میں برطانوی پارلیمنٹیرینز کے وفد کی ملاقات پاکستان ہائی کمیشن لندن میں ہوئی اور وزیر خارجہ نے برطانوی پارلیمانی وفد کا خیر مقدم کیا۔ وزیر خارجہ نے برطانوی پارلیمنٹیرینز کو افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال کے بارے میں پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔ افغانستان کے حوالے سے پاکستان اور برطانیہ کی سوچ میں ہم آہنگی ہے۔ دونوں ممالک افغانستان میں قیام امن چاہتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ افغانستان کو تنہا نہ چھوڑا جائے۔ عالمی برادری، افغانوں کو انسانی بحران سے بچانے کیلئے آگے بڑھے۔ افغانستان میں عدم استحکام سے افغان مہاجرین کی یلغار سمیت کئی مسائل سر اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آج حقیقت پسندانہ سوچ کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ وزیر خارجہ نے برطانوی پارلیمنٹیرینز کو، بھارتی قابض افواج کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مظالم، بدترین محاصرے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔ ہم نے بھارتی قابض افواج کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مظالم پر 131 صفحات پر مشتمل "ڈوزئیر"جاری کیا ہے جس میں بھارتی افسران کے جنگی جرائم میں ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔ انہوں نے کہا ہم نے ٹھوس شواہد دنیا کے سامنے رکھ دیے ہیں تاکہ وہ خود ان حقائق کو جانچ سکیں۔ پاک برطانیہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ قریبی دوست اور دیرینہ شراکت دار ہیں۔ اگلے سال پاکستان اور برطانیہ کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سالہ جشن کو شاندار طریقے سے منانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ وزیر خارجہ نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید مستحکم اور فعال بنانے اور اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے کیلئے برطانیہ میں مقیم 16 لاکھ پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں کی خدمات کو بہتر طور پر بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے لندن میں "برٹش پاکستان فاؤنڈیشن" کے چیئرمین آصف رنگوں والا کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں سے ملاقات، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے اعزاز میں پاکستان ہائوس (ہائی کمشنر کی رہائش گاہ) پر استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی جس میں برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں بشمول اراکین پارلیمان، محققین، کاروباری اور دیگر پیشہ ورانہ شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے تقریب سے خطاب میں برطانیہ میں مقیم پاکستانی برادری کی پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات مضبوط بنانے میں غیرمعمولی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے تقریب کے شرکاکو ان اقدامات سے آگاہ کیا جو حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے کررہی ہے جس میں انہیں ووٹ کا حق دلانا بھی شامل ہے۔ انہوں نے استصواب رائے کا ناقابل تنسیخ حق ملنے تک کشمیری بھائیوں کے ساتھ پاکستان کی غیرمتزلزل وابستگی اور حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر خارجہ نے شرکاء کو افغانستان میں وقوع پذیر صورتحال پر پاکستان کے نکتہ نظر سے آگاہ کیا۔ پاکستان کی قربانیوں اور کاوشوں سے صرف نظر کرتے ہوئے حالیہ واقعات کے ظہور پر بعض کی جانب سے الزام تراشی ہورہی ہے جو درحقیقت قرین انصاف نہیں۔ چالیس سال کی جنگ کے بعد افغانستان امن اور استحکام چاہتا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا یہ ناگزیر امر ہے کہ عالمی برادری ماضی کی غلطیاں نہ دہرائے، رابطہ جاری رکھے اور انسانی المیہ کو جنم لینے سے روکنے کے لئے اقدامات کرے۔ قبل ازیں پاکستانی ہائی کمشنر معظم احمد خان نے وزیرخارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں پاکستانی برادری سے رابطوں کو بڑھانے، ہائی کمشن اور اس کے قونصل خانوں سے بہترین خدمات کی فراہمی کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی برطانوی ہم منصب، سیکریٹری خارجہ لِز ٹرِس سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی سے متعلق امور کے تمام پہلووں پر تفصیلی بات چیت متوقع ہے۔ یہ بھی توقع ہے کہ وزیرخارجہ برطانوی پارلیمان کے کلیدی ارکان سے ملاقات کریں گے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دورہ برطانیہ کے دوران کشمیر سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد برطانوی راہنماوں سے پاکستان ہائوس میں ملاقات کی۔ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے میں پاکستانی کشمیری برادری کے مثبت کردار کو سراہا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے برطانوی پارلیمان میں حال ہی میں ہونے والی بحث کا خیرمقدم کیا۔ برطانیہ میں مقیم پاکستانی برادری کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہاکہ وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور انسانیت کے خلاف بھارتی جرائم کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کشمیری قیادت کو یقین دلایا کہ پاکستان استصواب رائے کے لئے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔
وقت آگیا پاکستان برطانیہ سٹرٹیجک شراکت داری بڑھائی جائے : شاہ محمود
Sep 28, 2021